ہنزہ کی مہمان نوازی نے ایک بار پھر دل جیت لیے، 13 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد برفیلے پانی سے سیاح کی گاڑی کا ریموٹ ڈھونڈ نکالا

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ کے غلکین گاؤں میں مہمان نوازی، انسان دوستی اور خدمتِ خلق کی ایک ایسی مثال سامنے آئی ہے جس نے ہر دل جیت لیا۔ ایبٹ آباد سے آئے ایک سیاح خاندان کی گاڑی کا ریموٹ تیز بہاؤ والے پانی میں گر کر گم ہوگیا مگر مقامی نوجوانوں نے ہمت نہ ہاری اور تقریباً 13 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد ریموٹ تلاش کرکے سیاح خاندان کی بڑی مشکل آسان کر دی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے مطابق ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والا ایک سیاح خاندان ہنزہ کی سیر کے دوران غلکین گاؤں میں دوپہر کے وقت ایک تیز بہاؤ والے آبی چینل کے کنارے موجود تھا کہ اچانک ان کی گاڑی کا ریموٹ پانی میں گر گیا۔ پانی کا بہاؤ اس قدر تیز تھا کہ ریموٹ کا ملنا تقریباً ناممکن دکھائی دے رہا تھا جس کے باعث سیاح خاندان شدید پریشانی میں مبتلا ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی غلکین کے نوجوان مدد کے لیے پہنچ گئے اور دوپہر تقریباً 2 بجے سے رات 3 بجے تک برفیلے گلیشیئر کے یخ پانی میں مسلسل ریموٹ کی تلاش کرتے رہے۔ اس دوران گاڑی کو چلانے کے لیے گلگت سے مکینکس بھی طلب کیے گئے تاہم گاڑی نئے ماڈل کی ہونے کے باعث اصل ریموٹ کے بغیر مسئلہ حل نہ ہو سکا جس کے بعد ایبٹ آباد سے مکینک بلانے پر بھی غور کیا جا رہا تھا۔

اسی دوران گاؤں کے نوجوانوں نے ایک بار پھر تلاش شروع کی اور بالآخر مقامی نوجوانوں کی انتھک محنت رنگ لے آئی اور اللہ کے فضل سے ریموٹ اس مقام سے تقریباً 600 میٹر دور مل گیا جہاں وہ پانی میں گرا تھا۔ ریموٹ ملنے پر سیاح خاندان کی خوشی دیدنی تھی جنہوں نے غلکین کے نوجوانوں اور مقامی افراد کی بے لوث مدد، خلوص اور مہمان نوازی پر ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

سوشل میڈیا صارفین اس عمل پر مقامی افراد کی تعریف کرتے نظر آئے ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں مہمان کو صرف سیاح نہیں بلکہ اپنے خاندان کا فرد سمجھا جاتا ہے۔ یہی جذبۂ خدمت، باہمی تعاون اور مہمان نوازی اس خطے کی پہچان اور خوبصورت ثقافت کا نمایاں حصہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp