خلیل الحیہ حماس کے نئے سربراہ منتخب ہوگئے

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے خلیل الحیہ کو تنظیم کا نیا سربراہ منتخب کرلیا ہے۔ وہ اکتوبر 2024 میں اسرائیلی کارروائی میں شہید ہونے والے یحییٰ السنوار کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

حماس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خلیل الحیہ کا انتخاب تنظیم کے اندرونی انتخابی عمل کے بعد ہوا، جہاں انہوں نے دوسرے مرحلے میں سابق سیاسی سربراہ خالد مشعل کو شکست دی۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فضائی حملے میں حماس مذاکرات کار خلیل الحیہ کا چوتھا بیٹا بھی جاں بحق

خلیل الحیہ اس سے قبل حماس کے پانچ رکنی قیادتی کونسل کے رکن تھے، جو 2024 میں یحییٰ السنوار، عسکری کمانڈر محمد الضیف اور اسماعیل ہنیہ سمیت دیگر سینئر رہنماؤں کی شہادت کے بعد قائم کی گئی تھی تاکہ جنگ کے دوران تنظیم کے معاملات چلائے جا سکیں۔

1960 میں غزہ میں پیدا ہونے والے خلیل الحیہ 1987 میں حماس کے قیام سے ہی تنظیم سے وابستہ ہیں۔ حالیہ برسوں میں وہ قطر میں مقیم رہتے ہوئے سفارتی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے اور اسرائیل، مصر، امریکہ سمیت مختلف ممالک کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی مذاکرات کے لیے حماس کے وفود کی قیادت بھی کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: یحییٰ سنوار نے شہادت سے کتنے دن پہلے آخری کھانا کھایا تھا؟

خلیل الحیہ کے خاندان کو بھی اسرائیلی حملوں میں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ 2014 میں ان کے بڑے بیٹے اسامہ، بہو اور تین پوتے ایک اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ گزشتہ سال ستمبر میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک رہائشی عمارت پر حملے میں ان کے بیٹے حمام سمیت پانچ افراد مارے گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp