پاکستان اور کینیڈا کا دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور کینیڈا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے 20 جولائی 2026 کو نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا، جو عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی دہشتگردی سے متاثر پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، انیتا آنند کے پاکستان دورے کے مقاصد کیا ہیں؟

اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کینیڈین ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، عوامی روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

علاقائی تنازعات کے حل میں پاکستان کے کردار کی تعریف

اعلامیے کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے خطے میں جاری تنازع کے حوالے سے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے کینیڈین وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک نے پائیدار جنگ بندی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستانی برادری اور طلبہ کے کردار کو سراہا

دونوں وزرائے خارجہ نے کینیڈا میں مقیم 3 لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد افراد اور 9 ہزار سے زیادہ پاکستانی طلبہ کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں جانب سے پارلیمانی روابط بڑھانے اور قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

اعلامیے میں کہا گیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری دونوں ممالک کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے اہم محرک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور کینیڈا کے درمیان جینیاتی طور پر تبدیل شدہ کینولا کی درآمد سے متعلق معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور کینیڈا نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کے معاہدے پر پیش رفت کا خیر مقدم کیا اور مذاکرات جلد مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں ممالک نے تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ دوبارہ فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

توانائی، کان کنی اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون

پاکستان اور کینیڈا نے صاف توانائی، کان کنی، اہم معدنیات، انفرااسٹرکچر، زراعت، جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں کاروباری مواقع بڑھانے پر بات چیت کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا، جس میں شمسی توانائی، ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے اور بیٹری ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق کینیڈین کمپنی جے سی ایم پاور اور کے الیکٹرک کے اشتراک سے 240 میگاواٹ دھابیجی ہائبرڈ ونڈ سولر منصوبے کو ضروری منظوری مل چکی ہے، جو پاکستان میں قابل تجدید توانائی کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔

زرعی تجارت بڑھانے کا فیصلہ

دونوں ممالک نے خوراک کے تحفظ اور زرعی مصنوعات کی تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا۔

کینیڈین کینولا، دالوں، سویابین، اناج، چاول، مصالحہ جات اور پھلوں سمیت مختلف زرعی مصنوعات کی تجارت بڑھانے کے لیے تعاون پر زور دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا کی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف، 45 ملین ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

اس موقع پر کینیڈین کینولا کی درآمد کے لیے قابل اعتماد طریقہ کار قائم کرنے کے حوالے سے ایک نئے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

معدنیات کے شعبے میں تعاون

دونوں ممالک نے اہم معدنیات کی عالمی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو 2027 میں ہونے والی پروسپیکٹرز اینڈ ڈویلپرز ایسوسی ایشن آف کینیڈا کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

انسداد دہشت گردی اور ماحولیاتی تعاون

پاکستان اور کینیڈا نے دہشت گردی کے خاتمے اور بین الاقوامی جرائم کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

کینیڈا نے اقوام متحدہ، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ذریعے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے تعلیم، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور صحت کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے تعاون کا بھی اعلان کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں دونوں ممالک باہمی مفادات کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

واٹس ایپ میں اکاؤنٹ سیکیورٹی مزید مضبوط، صارفین کے لیے نئی سہولیات متعارف

آبنائے ہرمز مکمل طور پر بارودی سرنگوں سے پاک کر دی گئی، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

عمران خان کی اسپتال منتقلی کا معاملہ: سپریم کورٹ نے توہین عدالت درخواست کی جلد سماعت کی استدعا مسترد کردی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف گلوبل سسٹین ایبلٹی لیڈرشپ ایوارڈ کے لیے نامزد

کراچی میں میوزک کے شائقین کے لیے بڑی خبر، عالمی شہرت یافتہ ڈی جے ایکس ویل 19 ستمبر کو پرفارم کریں گے

ویڈیو

ستمبر ’ستم گر‘: کیا استحکام پاکستان پارٹی کا وجود ختم ہونے جارہا ہے؟

اپوزیشن کو بار بار مذاکرات کی دعوت دے کر اب تھک چکا ہوں، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق

دور افتادہ علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے معاون فاؤنڈیشن کی کاوشیں

کالم / تجزیہ

اِکّو اَلف تیرے دَرکار

مولانا کیا چاہتے ہیں؟

کیا شہباز حکومت توہینِ عدالت کے ’جرم‘ میں گھر جا سکتی ہے؟