بھارتی دہشتگردی سے متاثر پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، انیتا آنند کے پاکستان دورے کے مقاصد کیا ہیں؟

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند اِس وقت اسلام آباد کے دورے پر ہیں۔ وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا دورۂ پاکستان اور تقریباً دو دہائیوں میں کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پہلا دوطرفہ دورہ ہے۔ مئی 2025 کی جنگ کے بعد کینیڈین وزیرِ خارجہ پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں رہیں۔

اس سے قبل اپریل اور جون کے مہینوں میں انیتا آنند نے کم از کم 3 بار اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور خلیج میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے معاملے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انیتا آنند نے حالیہ دورے میں اسحاق ڈار اور وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور کینیڈا کے درمیان جینیاتی طور پر تبدیل شدہ کینولا کی درآمد سے متعلق معاہدہ طے پا گیا

انیتا آنند کے دورۂ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، عوامی روابط اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دونوں ممالک نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ باہمی تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر سال وزارتی سطح پر اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور انیتا آنند کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے حالیہ برسوں میں دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امر پر اتفاق کیا کہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقتصادی اور عوامی سطح پر روابط میں اضافہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کینیڈا تعلقات میں نئی پیش رفت: کینیڈین وزیر خارجہ پہلے سرکاری دورۂ پر پاکستان پہنچ گئیں

دونوں ممالک نے ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ مفادات پر مبنی شراکت داری کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور کینیڈا نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک نے طے کیا کہ پہلے سے طے شدہ مشترکہ اعلامیے پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے سالانہ وزارتی اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں مقیم بڑی پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔

وزیراعظم آفس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور انیتا آنند نے کینیڈا سے خوراک، مویشیوں کے چارے اور صنعتی پراسیسنگ کے لیے درآمد کی جانے والی جینیاتی طور پر موڈیفائڈ کینولا کی نباتاتی صحت (فائٹو سینیٹری) سے متعلق درآمدی تقاضوں کے پروٹوکول پر دستخط کیے۔ دستخطوں کی تقریب وزیراعظم محمد شہباز شریف کی موجودگی میں ہوئی۔

کینیڈا اور پاکستان کس طرح بھارت کی دہشتگردی کے لیے معاونت سے متاثر ہیں؟

پاکستان اور کینیڈا دونوں نے مختلف اوقات میں بھارت پر اپنی سرزمین پر غیر قانونی یا سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی سرگرمیوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔ پاکستان ان سرگرمیوں کو سرحد پار دہشتگردی قرار دیتا ہے، جبکہ کینیڈا ہردیپ سنگھ نجار قتل کیس اور دیگر واقعات کے تناظر میں بھارتی ریاستی عناصر کی مبینہ مداخلت اور غیر ملکی دباؤ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

 دونوں ممالک دونوں ریاستی خودمختاری، بین الاقوامی قانون اور اپنی سرزمین پر بیرونی مداخلت کے خلاف یکساں اصولی مؤقف کا اظہار کرتے ہیں۔

کینیڈا اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی

بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں کشیدگی کا آغاز 18 جون 2023 کو اس وقت ہوا جب برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں خالصتان تحریک سے وابستہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔

 ستمبر 2023 میں اُس وقت کے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ میں کہا کہ ملکی سکیورٹی اداروں کے پاس ایسے قابلِ اعتماد شواہد موجود ہیں جن سے بھارتی ریاستی عناصر کے ممکنہ ملوث ہونے کا شبہ پیدا ہوتا ہے۔

بھارت نے ان الزامات کو بے بنیاد اور سیاسی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ کینیڈا اپنی سرزمین پر سرگرم خالصتانی علیحدگی پسندوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کر رہا۔

اس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات تیزی سے بگڑ گئے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو ملک بدر کیا، سفارتی عملہ کم کیا، ویزا خدمات متاثر ہوئیں اور تجارتی مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور کینیڈا کے درمیان جینیاتی طور پر تبدیل شدہ کینولا کی درآمد سے متعلق معاہدہ طے پا گیا

 اکتوبر 2024 میں کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب کینیڈا کی وفاقی پولیس نے دعویٰ کیا کہ اسے قتل، بھتہ خوری، دھمکیوں اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں بھارتی ایجنٹوں کے مبینہ کردار سے متعلق شواہد ملے ہیں، جس کے بعد مزید بھارتی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا گیا۔

جواباً بھارت نے اپنے سفارتکار واپس بلا لیے اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ کینیڈا کی جانب سے خالصتانی عناصر کو برداشت کرنا ہے۔

2025 میں مارک کارنی کے وزیراعظم اور انیتا آنند کے وزیر خارجہ بننے کے بعد تعلقات میں بہتری کی محتاط کوششیں شروع ہوئیں، تاہم کینیڈا نے ہردیپ نجار قتل کی تحقیقات پر اپنا مؤقف برقرار رکھا جبکہ بھارت خالصتانی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا رہا۔ یوں نجار قتل کا واقعہ دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں کی بدترین سفارتی کشیدگی کا سبب بن گیا۔

ہندوستانی نژاد انیتا آنند کون ہیں؟

ہندوستانی نژاد انیتا آنند کینیڈا کی لبرل پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینئر سیاست دان، قانون دان اور سابق پروفیسر ہیں، جو مئی 2025 میں وزیراعظم مارک کارنی کی کابینہ میں کینیڈا کی وزیرِ خارجہ مقرر ہوئیں۔ ان کی تقرری کے ساتھ ہی وہ کینیڈا کی پہلی ہندو خاتون وزیرِ خارجہ بن گئیں۔

انیتا آنند 20 مئی 1967 کو نووا اسکاٹیا میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کا تعلق بھارتی ریاست تمل ناڈو جبکہ والدہ کا تعلق پنجاب کے شہر امرتسر کے قریب جندیالہ گرو سے تھا۔ سیاست میں آنے سے قبل وہ یونیورسٹی آف ٹورنٹو سمیت مختلف جامعات میں قانون کی پروفیسر رہیں اور کارپوریٹ گورننس اور مالیاتی قوانین کی ماہر سمجھی جاتی تھیں۔ 2019 میں پہلی بار رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

یومِ آزادی کے موقع پر مزارِ قائد کی حفاظت کا اعزاز پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے کے سپرد

صدر آصف علی زرداری کی جانب سے 355 شخصیات کے لیے سول اعزازات کی سفارشات

14 اگست، پاکستان کا آزادی کی جانب سفر، 79 سالہ قربانیوں اور ترقی کا سفر

پاکستان اور فرانس کا کثیرالجہتی امور پر تعاون اور عالمی فورمز پر رابطہ مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

آزادی محض سرزمین کے حصول کا نام نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا وعدہ پورا  کرنا  بھی ہے، بلاول بھٹو کا پیغام

ویڈیو

14 اگست، پاکستان کا آزادی کی جانب سفر، 79 سالہ قربانیوں اور ترقی کا سفر

آزادی محض سرزمین کے حصول کا نام نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا وعدہ پورا  کرنا  بھی ہے، بلاول بھٹو کا پیغام

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ نے بیکنہم میں یوم آزادی منایا، کھلاڑیوں کے قوم کے نام خصوصی پیغامات

کالم / تجزیہ

مایوس ہونے سے پہلے یہ حساب کتاب بھی کر لیں

سن 47، 1200 پاکستانی اور ایک چابی

انڈین خارجہ پالیسی کی ارتھی