نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر قازقستان، ازبکستان اور تاجکستان کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، توانائی، امن و استحکام اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے صدر قاسم جومارت توکایف کے رواں سال دورۂ پاکستان کے بعد دوطرفہ تعلقات میں آنے والی مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دورے کے دوران طے پانے والی 37 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر بروقت اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، علاقائی روابط، توانائی، عوامی سطح پر روابط اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 met with the Deputy Prime Minister/Foreign Minister of Kazakhstan, Yermek Kosherbayev, on the sidelines of the SCO CFM Meeting in Kyrgyzstan.
The two leaders reviewed the positive momentum in… pic.twitter.com/Uln3yY6SOy
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 25, 2026
ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ صدر شوکت مرزیایف کے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد سے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی، جبکہ کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے اور علاقائی و کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات، علاقائی امن کے لیے سفارتی روابط جاری رکھنے پر اتفاق
اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، توانائی، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطح کے رابطوں کے تسلسل کو دوطرفہ شراکت داری کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 met with the Foreign Minister of Uzbekistan, Bakhtiyor Saidov @FM_Saidov, on the sidelines of the SCO CFM Meeting in Cholpon-Ata, Kyrgyzstan.
The two Ministers reaffirmed the strength of the… pic.twitter.com/0YoWWFLLCu
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 25, 2026
تینوں ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قازقستان، ازبکستان اور تاجکستان کے وزرائے خارجہ نے خطے میں امن، استحکام اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ازبکستان کے وزیر خارجہ نے بالخصوص اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی سہولت کاری میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا، جبکہ تاجک وزیر خارجہ نے علاقائی تنازعات کے پرامن حل، امن و استحکام کے فروغ اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 met with the Foreign Minister of Tajikistan, Sirojiddin Muhriddin, on the sidelines of the SCO Council of Foreign Ministers Meeting in Cholpon-Ata, Kyrgyzstan.
The two sides reaffirmed the… pic.twitter.com/w610US4ZEV
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 25, 2026
ملاقاتوں کے اختتام پر قازقستان کے وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے باہمی سہولت کے مطابق قبول کر لیا، جبکہ ازبکستان اور تاجکستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بھی مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔













