لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) ایک بار پھر تنازعات کی زد میں آگئی ہے۔ پاکستان ٹی20 ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے دوران ’امپیکٹ پلیئر‘ کے معاملے پر پیش آنے والے واقعے کے بعد اینٹی کرپشن یونٹ سے رجوع کرتے ہوئے باضابطہ شکایت درج کرا دی۔
’امپیکٹ پلیئر‘ بنانے کی یقین دہانی، پھر اچانک فیصلہ تبدیل
میڈیا رپورٹس کے مطابق کولمبو کیپس کے خلاف میچ سے قبل کینڈی رائلز کی انتظامیہ نے شاہین آفریدی کو آگاہ کیا تھا کہ وہ اس مقابلے میں ’امپیکٹ پلیئر‘ کے طور پر میدان میں اتریں گے۔
واضح رہے کہ ’امپیکٹ پلیئر‘ کا قانون سب سے پہلے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے تحت ٹیم میچ سے قبل ایک ایسے کھلاڑی کو نامزد کرتی ہے جو دورانِ میچ کسی دوسرے کھلاڑی کی جگہ لے کر بیٹنگ یا زیادہ سے زیادہ 4 اوورز بولنگ کر سکتا ہے، جبکہ جس کھلاڑی کی جگہ اسے شامل کیا جائے وہ دوبارہ میچ میں حصہ نہیں لے سکتا۔
’اینالسٹ کی غلطی‘ کے باعث نام شامل نہ ہونے کا انکشاف
رپورٹ کے مطابق کینڈی رائلز نے پہلے بیٹنگ کی اور اننگز کے دوران کوچ نے شاہین آفریدی سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم کے اینالسٹ کی غلطی کے باعث ان کا نام ’امپیکٹ پلیئر‘ کے طور پر جمع ہی نہیں کرایا گیا، جس کے باعث وہ میچ میں حصہ نہیں لے سکتے۔
اس غیر معمولی صورتحال پر شاہین آفریدی حیران رہ گئے اور معاملہ فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کے نوٹس میں لایا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہین آفریدی نے فوری طور پر پاکستان واپس آنے کا فیصلہ بھی کر لیا، جبکہ معاملہ میچ ریفری کے سامنے بھی پیش کیا گیا۔
معذرت کے بعد شاہین کو روک لیا گیا
بعد ازاں ٹیم انتظامیہ اور لیگ منتظمین نے شاہین آفریدی سے باقاعدہ معذرت کی اور انہیں لیگ چھوڑ کر واپس نہ جانے پر آمادہ کر لیا۔
ٹورنامنٹ میں شاہین کی کارکردگی
شاہین آفریدی نے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں 41 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ متنازع واقعے کے بعد دوسرے میچ میں انہوں نے 34 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تیسرے میچ میں 32 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ تاہم حالیہ میچ میں وہ ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔
فکسنگ کے الزامات بھی لیگ پر سایہ فگن
لنکا پریمیئر لیگ کا آغاز ہی تنازعات کے ساتھ ہوا تھا۔ جافنا کنگز کے بھارتی مالک منجوت کارلا کو سری لنکا کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا۔
بعد ازاں لیگ منتظمین نے جافنا کنگز کی ملکیت کے حقوق منسوخ کر دیے، جس کے بعد آرگنائزنگ کمپنی اور سری لنکا کرکٹ مشترکہ طور پر ٹیم کے انتظامی معاملات سنبھال رہے ہیں۔
دیگر پاکستانی کھلاڑی بھی ایکشن میں
لنکا پریمیئر لیگ میں شاہین آفریدی کے علاوہ پاکستان کے محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر اور عاکف جاوید بھی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں، جبکہ پاکستانی امپائر آصف یعقوب بھی ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔













