سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا معطل کرنے اور ضمانت پر رہائی کے لیے وفاقی آئینی عدالت میں اپیل دائر کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی قیدِ تنہائی کیخلاف درخواستوں پر اعتراضات دور، سماعت کل ہوگی
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست کے مطابق دوران قید انہیں آنکھوں کی بیماری لاحق ہوئی جس کے باعث ان کی آنکھ کی سرجری بھی کی گئی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ خاتون ہونے، علالت اور صحت کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بشریٰ بی بی ضمانت کی مستحق ہیں۔
اپیل میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دوران قید انہیں تنہائی میں رکھا گیا جس کے باعث وہ مناسب علاج اور دیکھ بھال سے محروم رہیں۔
درخواست کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) جان بوجھ کر سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلے میں تاخیر اور رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔
مزید پڑھیے: 190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیل پر اعتراضات عائد
وفاقی آئینی عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سزا معطل کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔













