ارشد ندیم کا سفر نویں پوزیشن پر ختم، کامن ویلتھ ٹائٹل برقرار نہ رہ سکا

ہفتہ 1 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے اسٹار جیولن تھروور اور دفاعی چیمپئن ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے اور مردوں کے جیولن تھرو کے فائنل میں نویں پوزیشن حاصل کی۔

اسکاٹ اسٹون اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں ارشد ندیم کی بہترین تھرو 77.41 میٹر رہی، جو انہوں نے اپنی دوسری کوشش میں کی۔ ان کی پہلی کوشش مؤثر ثابت نہ ہو سکی، جبکہ تیسری کوشش میں انہوں نے 75.39 میٹر کی تھرو کی۔

ابتدائی دو راؤنڈز کے بعد ارشد ندیم 12 کھلاڑیوں میں پانچویں نمبر پر موجود تھے، تاہم بعد کی کوششوں میں دیگر ایتھلیٹس نے بہتر کارکردگی دکھائی، جس کے باعث وہ نویں پوزیشن پر چلے گئے اور ٹاپ 8 سے باہر ہونے کی وجہ سے مزید تھروز کا موقع نہ مل سکا۔

سری لنکا کے رمیش تھرانگا نے 89.75 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا 85.83 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ ابتدائی 2 راؤنڈز کے بعد نیرج چوپڑا سرفہرست تھے، تاہم بعد میں سری لنکن ایتھلیٹ نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا۔

ارشد ندیم نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ ساز تھرو کے ذریعے طلائی تمغہ جیتا تھا، جو کامن ویلتھ گیمز اور پاکستان دونوں کا ریکارڈ بھی تھا۔ تاہم اس بار وہ اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر سکے اور پاکستان مردوں کے جیولن تھرو کے مقابلوں میں کسی بھی تمغے سے محروم رہا۔

اس سے قبل کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 78.63 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جبکہ پاکستان کے یاسر سلطان 74.36 میٹر کی تھرو کے ساتھ 14ویں نمبر پر رہے اور فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp