آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے عام انتخابات کے تحت آج مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کے حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔
مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر انتخاب ہونا تھا، تاہم حلقہ ایل اے-27 کوٹلہ میں موسمی حالات کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ عملہ مقررہ وقت پر متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں تک نہیں پہنچ سکا، جس کے نتیجے میں اس حلقے میں پولنگ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی کا مختلف حلقوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر الیکشن کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ
الیکشن کمیشن کی جانب سے اس نشست پر نئی تاریخ کا اعلان آج ہی کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب دیگر تمام حلقوں میں پولنگ مجموعی طور پر پرامن ماحول میں جاری ہے اور کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی نے پولنگ کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو شکایتی خطوط ارسال کرنا شروع کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ناصر حسین ڈار نے ووٹ کاسٹ کر دیا
تاہم سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ممکنہ انتخابی شکست کے خدشے کے پیشِ نظر قبل از وقت دھاندلی کا بیانیہ اختیار کر رہی ہے۔
سینیئر صحافی جاوید اقبال ہاشمی نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو انتخابی نتائج میں ناکامی کا خدشہ ہے، اسی لیے دھاندلی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے-30 کے 2 پولنگ اسٹیشنوں پر پیپلز پارٹی کے بعض کارکنوں کی جانب سے مبینہ طور پر بیلٹ پیپرز پر غیر قانونی طریقے سے ٹھپے لگانے کی شکایات موصول ہوئیں، جس کے بعد متعلقہ حکام نے فوری کارروائی کی۔
جاوید اقبال ہاشمی کے مطابق اس واقعے کے علاوہ مظفرآباد ڈویژن کے دیگر حلقوں میں پولنگ پرامن انداز میں جاری ہے اور کہیں سے کسی بڑے مسئلے یا بدامنی کی اطلاع نہیں ملی۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ شفاف رہا، مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل، عطا اللہ تارڑ
ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر انتخابی ماحول پرسکون ہے اور ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے انتخابی نتائج کے بعد یہ فیصلہ ہو جائے گا کہ کون سی جماعت کشمیر میں حکومت بنائے گی۔
ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات : میرپور ڈویژن کے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری
سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر کے پریس سیکریٹری راجا وسیم نے وی نیوز کو بتایا کہ جہلم ویلی کے حلقہ چکار میں پرامن انداز میں پولنگ جاری ہے اور ہر طرف مسلم لیگ (ن) کا ووٹر نظر آ رہا ہے، جس کے باعث پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پہلے ہی شکایتی خطوط تیار کر رکھے تھے تاکہ انتخابی عمل کو متنازع بنایا جا سکے، تاہم وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 27 جولائی کو آزاد جموں و کشمیر کے میرپور ڈویژن میں انتخابی عمل مکمل ہوا تھا، جہاں مسلم لیگ (ن) نے 13 میں سے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔













