صدرِ مملکت کی جانب سے ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری نہ دینے کے خلاف کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق اور وزارتِ قانون سے کل تک تحریری رپورٹس طلب کرلی ہیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ وفاق اور وزارتِ قانون مختصر رپورٹس کل عدالت میں جمع کرائیں۔
عدالت نے حکم دیا کہ رپورٹ میں تفصیل فراہم کی جائے کہ وزیراعظم نے کس تاریخ کو ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری صدرِ مملکت کو ارسال کی۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ اگر سمری ارسال کیے جانے کے بعد اس پر کوئی کارروائی کی گئی ہے تو اس کی بھی مکمل وضاحت رپورٹ میں کی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو بھی عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیا۔
تحریری حکمنامے میں عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ججز کی تعیناتی کی سمری غیرمعینہ مدت تک زیرِ التوا رہنے کی صورت میں اس کے کیا نتائج ہوں گے۔
کیس کی سماعت کل دوبارہ ہوگی۔













