پاکستان کے قومی پرچم کہاں اور کیسے تیار ہوتے ہیں؟

منگل 11 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھوٹی بڑی متعدد فیکٹریاں قائم ہیں، جہاں اگست کے مہینے میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور یومِ آزادی سے متعلق دیگر اشیا تیار کرکے ملک بھر میں بھیجی جاتی ہیں۔

یہاں 14 اگست کی تیاریاں کئی ماہ پہلے، یعنی مارچ ہی سے شروع ہوجاتی ہیں۔ پہلے مارکیٹ سے کپڑا خریدا جاتا ہے اور ضرورت کے مطابق لومز پر کپڑا تیار کروایا جاتا ہے۔ اس کے بعد کپڑے کو مختلف مراحل سے گزارا جاتا ہے، جس میں پرنٹنگ سمیت دیگر مراحل شامل ہیں۔

پرنٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد کپڑا فیکٹری لایا جاتا ہے، جہاں اس کی کٹنگ اور پیکنگ کی جاتی ہے۔ مارکیٹ میں سپلائی سے قبل کوالٹی کنٹرول کے عمل کے تحت تیار شدہ مال کو باقاعدہ چیک بھی کیا جاتا ہے۔

کاروباری افراد کے مطابق پاکستانی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور یومِ آزادی سے متعلق دیگر اشیا کی تیاری صرف اگست تک محدود نہیں، بلکہ ان کی تیاری پورا سال جاری رہتی ہے۔ تاہم 14 اگست کے موقع پر طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی پرچم نہ صرف ملک بھر میں سپلائی کیے جاتے ہیں بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی بڑی تعداد میں یہاں سے پرچم اور دیگر اشیا منگواتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق کراچی سے ہر سال دو سے تین لاکھ بڑے سائز کے پاکستانی پرچم تیار کیے جاتے ہیں، جبکہ جھنڈیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔

کراچی کے مختلف صنعتی علاقوں میں قائم چھوٹی بڑی فیکٹریاں مارچ سے ہی قومی پرچم اور یومِ آزادی سے متعلق دیگر اشیا کی تیاری شروع کردیتی ہیں، جو بعد ازاں مارکیٹوں کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں تک پہنچائی جاتی ہیں۔

یوں 14 اگست سے کئی ماہ قبل ہی کراچی کی صنعتوں میں وطن سے محبت کے رنگ نمایاں ہونا شروع ہوجاتے ہیں اور قومی پرچم کی تیاری کا یہ سلسلہ یومِ آزادی تک پوری آب و تاب سے جاری رہتا ہے۔

اس حوالے سے مزید جانیے اس ویڈیو رپورٹ سے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp