سوشل میڈیا پر گزشتہ چند دنوں سے یہ دعوے تیزی سے گردش کر رہے ہیں کہ 12 اگست کو زمین کی کششِ ثقل چند سیکنڈز کے لیے ختم ہوجائے گی جس کے نتیجے میں ایک تباہ کن واقعہ پیش آسکتا ہے۔ تاہم امریکی خلائی ادارے ناسا نے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سورج زمین کو نہیں نگل سکے گا، نئی تحقیق نے پرانا سائنسی نظریہ چیلنج کر دیا
وائرل پوسٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ زمین کی کششِ ثقل 12 اگست کو 7 سیکنڈز کے لیے غائب ہوجائے گی اور حکومت اس مبینہ خطرے سے آگاہ ہونے کے باوجود اسے چھپا رہی ہے۔
ان افواہوں میں ایک فرضی منصوبے پروجیکٹ اینکر کا بھی ذکر کیا گیا جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ ناسا کو ایک آنے والی کششِ ثقل کی غیر معمولی تبدیلی کا پہلے سے علم ہے۔ ان پوسٹس کے مطابق یہ مبینہ واقعہ 14:33 یو ٹی سی (جنوبی افریقی معیاری وقت کے مطابق 16:33 بجے) پیش آنا تھا اور تقریباً 7 سیکنڈ تک جاری رہنا تھا۔
ناسا نے ان تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمین کی کششِ ثقل کا تعلق براہ راست اس کی کمیت سے ہے اور اس میں اچانک تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔
ناسا کے مطابق زمین کی کشش ثقل یا مجموعی ثقلی قوت کا تعین اس کی کمیت سے ہوتا ہے۔ زمین کی کششِ ثقل صرف اسی صورت میں ختم ہوسکتی ہے جب زمین کے پورے نظام، جس میں اس کا مرکز، مینٹل، کرسٹ، سمندر، زمینی پانی اور ماحول شامل ہیں کی کمیت میں کمی واقع ہو۔
مزید پڑھیے: نایاب ترین نظارہ: ’افراتفری کا دیوتا‘ نامی سیارچہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بنا دوربین کب دیکھا جاسکے گا؟
خلائی ادارے نے مزید واضح کیا کہ 12 اگست 2026 کو زمین اپنی کششِ ثقل سے محروم نہیں ہوگی۔
کچھ سوشل میڈیا دعووں میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ یہ مبینہ واقعہ بلیک ہولز سے پیدا ہونے والی ثقلی لہروں کے باعث پیش آئے گا تاہم سائنس دانوں کے مطابق ایسی لہروں کا زمین پر اثر انتہائی معمولی ہوتا ہے۔
On August 12, 2026, the world will lose gravity for 7 seconds. NASA knows. They’re preparing but won’t tell us why. In November 2024, a secret NASA document titled “Project Anchor” leaked online. The project’s budget is $89 billion, & its goal is to survive a 7-second… pic.twitter.com/XS567dYvu8
— M.A. (@MaDJEric) August 9, 2026
لیزر انٹرفیرومیٹر گریویٹیشنل ویو آبزرویٹر کے مطابق بلیک ہولز اور کائنات کے دیگر انتہائی طاقتور واقعات سے پیدا ہونے والی ثقلی لہریں اگر زمین تک پہنچ بھی جائیں تو ان کے اثرات نہایت کم ہوتے ہیں اور کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں کہ یہ لہریں زمین کی کششِ ثقل کو ختم کرسکتی ہیں۔
مزید پڑھیں: کیا ڈارک میٹر واقعی موجود ہے؟ نئی تھیوری میں کشش ثقل کی غیر معمولی حرکت کا امکان
ماہرین کے مطابق زمین کی کششِ ثقل ایک مستقل قدرتی قوت ہے جو ہمارے سیارے کے وجود اور کمیت سے جڑی ہوئی ہے اس لیے اس کے چند سیکنڈ کے لیے غائب ہوجانے کا دعویٰ سائنسی حقائق کے خلاف ہے۔














