خیبرپختونخوا میں 15 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا میں 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

کن اضلاع میں بارش متوقع ہے؟

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کا حکم دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کو کلیئر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

شہریوں اور سیاحوں کے لیے احتیاطی تدابیر

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

عوام کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شدید بارش کے دوران ہائیکنگ، ٹریکنگ اور کیمپنگ سے بھی گریز کیا جائے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری سیلابی پانی میں پیدل چلنے یا گاڑی گزارنے کی کوشش نہ کریں، جبکہ گرج چمک کے دوران بجلی کی کھلی تاروں اور برقی آلات سے دور رہیں۔

والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو دریاؤں، ندی نالوں، گڑھوں اور پانی کی نکاسی کے راستوں سے دور رکھیں۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر فعال

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

عوام سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر 1700 پر اطلاع دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp