آزاد کشمیر: ن لیگی امیدوار نے فیصل راٹھور کی کامیابی چیلنج کردی، دوبارہ گنتی کی درخواست سماعت کے لیے منظور

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے فارم 24 میں مبینہ ٹمپرنگ کے الزامات عائد کرتے ہوئے انتخابی نتائج کی دوبارہ گنتی کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو درخواست دے دی، جسے الیکشن کمیشن نے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے درخواست پر سماعت کے لیے جمعرات 13 اگست کو صبح 10 بجے مظفرآباد میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔ محسن عزیز کی جانب سے ان کے وکلا راجا سجاد ایڈووکیٹ اور چوہدری غلام نبی ایڈووکیٹ نے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی۔

محسن عزیز کا بلاول بھٹو کو ری کاؤنٹنگ کا چیلنج

چودھری محسن عزیز نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ری کاؤنٹنگ کرانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دوبارہ گنتی میں وہ بھاری اکثریت سے کامیاب نہ ہوئے تو سیاست چھوڑ دیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کی کامیابی کے بعد اپنے بیان میں محسن عزیز نے دعویٰ کیاکہ انتخابی نتائج میں مبینہ ٹمپرنگ کے ذریعے شکست کو فتح میں تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ فارم 27 والا وزیراعظم اپنی شکست کو فتح میں بدل رہا ہے، تاہم ان کے پاس تمام پولنگ اسٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران کے نتائج موجود ہیں، جن کے مطابق وہ 8 ہزار 600 ووٹوں کی واضح برتری سے کامیاب ہوئے ہیں۔

محسن عزیز نے دعویٰ کیاکہ ان کے پاس موجود نتائج اور ریٹرننگ افسر کے پاس موجود نتائج میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے ریٹرننگ افسر سے دوبارہ گنتی کی درخواست کی، تاہم اسے مسترد کردیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیاکہ ریٹرننگ افسر کی مبینہ جانبداری کے باعث حویلی کا پرامن ماحول خراب ہوا ہے اور وہ اپنے مینڈیٹ پر مبینہ ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مسلم لیگی امیدوار نے مزید الزام عائد کیاکہ وزیراعظم دن بھر اپنے پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ ڈلواتے رہے، جبکہ مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشنز پر اسلحے کے ساتھ ووٹرز کو ہراساں کیا۔ ان کے مطابق شکست نظر آنے کے بعد فارم 24 میں مبینہ ٹمپرنگ کرکے انتخابی نتیجہ تبدیل کیا گیا۔

محسن عزیز نے کہاکہ اگر انتخابی عمل میں کوئی مسئلہ نہیں تو دوبارہ گنتی پر اعتراض کی وجہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کے مطابق ری کاؤنٹنگ ان کا بنیادی حق ہے اور شفافیت کے لیے دوبارہ گنتی ضروری ہے۔

دوبارہ گنتی میں کامیاب نہ ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا، محسن عزیز

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ میں دوبارہ گنتی کرائی جائے، اگر وہ بھاری اکثریت سے کامیاب نہ ہوئے تو سیاست چھوڑ دیں گے۔

چوہدری محسن عزیز کے مطابق ہزاروں ووٹرز اپنے مبینہ چوری شدہ مینڈیٹ کے خلاف ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر دھرنا دیے ہوئے ہیں، جبکہ حویلی کی تمام سڑکیں بھی بند ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جب تک دوبارہ گنتی نہیں ہوتی اور مبینہ طور پر چھینا گیا مینڈیٹ واپس نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا اور وہ اپنے اصولی مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp