صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 54(1) کے تحت ایوانِ بالا (سینیٹ) کا اجلاس کل 17 اگست کو شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال، قانون سازی اور اہم قومی امور تفصیل سے زیرِ بحث آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری، 27ویں ترمیم میں مزید ترامیم کی منظوری ایجنڈے میں شامل
سینیٹ کے اس اہم سیشن میں مختلف قانون سازی کے بل پیش کیے جانے کے ساتھ ساتھ ملکی سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ایوانِ بالا میں اہم عالمی و علاقائی معاملات پر بھی سیر حاصل گفتگو کی جائے گی، جبکہ اپوزیشن اور حکومت کے اراکین کی جانب سے اہم قومی موضوعات پر بحث اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:سیاسی کشیدگی: مریم نواز کے بیان پر پیپلز پارٹی کا سینیٹ اجلاس سے پھر واک آؤٹ
آئین کے آرٹیکل 54(1) کے تحت صدرِ مملکت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ وقت فوقتاً پارلیمنٹ کے کسی بھی ایوان یا دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس طلب کریں۔
ایوانِ بالا کا یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ملک کو متعدد درپیش قومی و بین الاقوامی چیلنجز اور اہم قانون سازی کی ترجیحات کا سامنا ہے، جس کی صدارت سابق وزیراعظم اور موجودہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کریں گے۔














