بھارتی فلم انڈسٹری کی نوجوان اداکارہ اننیا راج 27 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں تاہم ان کے اہلخانہ نے ان کی موت کی خبر ایک ماہ سے زائد عرصے بعد سوشل میڈیا کے ذریعے دی۔
اہلخانہ نے اتوار کے روز اننیا راج کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ 15 جولائی کی علی الصبح نیند کے دوران انتقال کرگئیں۔
View this post on Instagram
بیان کے مطابق اننیا راج گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے جسمانی اور ذہنی تکالیف کا سامنا کر رہی تھیں تاہم انہوں نے ان مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
اہلخانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اننیا مضبوط حوصلے کی مالک تھیں اور انہوں نے زندگی بھر بھرپور انداز میں زندگی گزاری۔ انہوں نے مداحوں سے اداکارہ کی مغفرت کے لیے دعا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں خاندان کی نجی زندگی اور خاموشی کا احترام کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا اداکار عمران اشرف کا انتقال ہوگیا، حقیقت کیا ہے؟
واضح رہے کہ اننیا راج نے بالی ووڈ فلموں کے علاوہ متعدد میوزک ویڈیوز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جنہیں ٹی سیریز، زی میوزک اور ٹائمز میوزک جیسے معروف میوزک لیبلز نے پیش کیا۔
اداکارہ تیلگو فلم ’تگّیدے لے‘ میں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں جس کی کہانی اور ہدایت کاری سرینواس راجو نے کی تھی۔
اننیا راج کے اچانک انتقال کی خبر ایک ماہ سے زائد عرصے بعد سامنے آنے پر ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔














