پاکستان اور برطانیہ کے عدالتی و قانونی اداروں میں تعاون بڑھانے پر غور

پیر 17 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں انگلینڈ و ویلز ہائیکورٹ کے کنگز بینچ ڈویژن کے جج جسٹس مارٹن گریفتھس نے ملاقات کی جس میں ججوں اور وکلا کی پیشہ ورانہ تربیت، استعداد کار میں اضافے اور عدالتی تعلیم کے شعبوں میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 2026-27 خواتین سائلین کی سہولت کا سال قرار، چیف جسٹس کا خواتین دوست عدالتی نظام کا اعلان

جسٹس مارٹن گریفتھس ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔ وہ برطانیہ کی معزز قانونی تنظیم انر ٹیمپل کی بین الاقوامی کمیٹی کے رکن اور جوڈیشل کالج کے ویلز ٹریننگ کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔

ملاقات میں سپریم کورٹ پاکستان کے ججز جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس میان گل حسن اورنگزیب، فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر اور پاکستان بار کونسل کے ڈائریکٹر لیگل ایجوکیشن بھی موجود تھے۔

ججوں کی تربیت اور عدالتی تعلیم میں تعاون

ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے عدالتی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی بالخصوص ججوں کی تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون پر توجہ دی گئی۔

اس موقعے پر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی پاکستان اور جوڈیشل کالج آف انگلینڈ اینڈ ویلز کے درمیان ججوں کی عدالتی تعلیم اور تربیت کے لیے منظم اور باقاعدہ تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ تربیتی طریقہ کار، ادارہ جاتی تجربات اور بہترین عملی طریقوں کا باہمی تبادلہ عدالتی نظام کی استعداد کار بہتر بنانے اور ججوں کی پیشہ ورانہ ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

وکلا کی پیشہ ورانہ تربیت پر بھی توجہ

ملاقات میں انر ٹیمپل اور پاکستان کی قانونی برادری کے درمیان بھی استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس تعاون میں وکالت کی تربیت، وکلا کی مسلسل قانونی تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی جیسے شعبے شامل ہوں گے۔

اس سلسلے میں جسٹس مارٹن گریفتھس کے انر ٹیمپل کی بین الاقوامی کمیٹی کے رکن ہونے کی حیثیت کو بھی اہم قرار دیا گیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے برطانیہ کے عدالتی اور قانونی اداروں کے ساتھ اس رابطے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ بات چیت عدالتی تعلیم اور پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں عملی اور دیرپا ادارہ جاتی تعاون کی راہ ہموار کرے گی۔

ملاقات پاکستان اور برطانیہ کے عدالتی و قانونی اداروں کے درمیان تجربات، تربیتی طریقہ کار اور بہترین عملی روایات کے تبادلے کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp