وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو فوری طور پر کراچی پہنچنے اور آئل ریفائنریز سے مذاکرات کرکے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی، جس میں عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیے وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی
وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر کراچی پہنچیں اور مقامی آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات مکمل کرکے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی بڑی مقدار ملک میں موجود ریفائنریز تیار کرتی ہیں، اس لیے قیمتوں میں کمی کے لیے ریفائنریز سے جلد از جلد بات چیت مکمل کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے امکانات کو عوام تک منتقل کیا جائے۔













