پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ باجوہ کا بلنڈر ملک اور اپنے سرپرست پانچ کے ٹولے کو ہی نقصان پہنچا رہا ہے لہٰذا اس وقت کے ارباب اختیار کے محض اعتراف سے کام نہیں چلے گا بلکہ فتنہ کو سیاست سے باہر کرکے اس داغ کو دھونا بھی ہوگا۔
ملتان میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنما نے کہا کہ نواز نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جب ریٹائر ہوئے تو انھوں نے لوگوں کے سامنے اعتراف کیا کہ ان سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ محض بلنڈر ہی نہیں بلکہ پانچ کے ٹولے کا پالا ہوا ایک سانپ تھا جو اب انھیں بھی ڈس رہا ہے اس لیے اعتراف کرنے والوں نے جو داغ سیاست کو لگایا ہے اسے انہیں دھونا پڑے گا۔
عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی کال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ جب وزیر اعظم تھے تو خود جیب بھرو تحریک میں مصروف تھے اب اپنے کارکنوں کو جیل بھرو تحریک کا حصہ بننے کو کہہ رہے ہیں تاہم اگر انہیں یہ کرنا ہے تو اصولاً پہلے اپنی ضمانتیں منسوخ کروائیں اور پھر میدان میں اتریں۔
انھوں نے کہا کہ جیل بھرو کا نعرہ لگانے والے صاحب 4 سال تک دوسروں کو جیل میں ڈالتے رہے اوراب لوگوں کو جیل بھرو تحریک کا کہہ رہے ہیں جبکہ خود پولیس کے ڈر سے زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھے ہیں۔
پارٹی کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ انھیں، نواز شریف اور شہباز شریف کو حالیہ مہنگائی کا شدید احساس اور عوام کی مشکلات پر انتہائی تکلیف بھی ہے لیکن سب جانتے ہی ہیں کہ یہ مہنگائی کس کی عطا کی ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا آج آئی ایم ایف کہتی ہے کہ عمران خان نے جو دھوکا دیا اس کی وجہ سے ہم آپ کی بات نہیں سنیں گے اس لیے پہلے قیمتیں بڑھاؤ اس کی بعد بات سنیں گے لیکن اب ہم اس کی بات سنیں تو مہنگائی ہوتی ہے اور نہ سنیں تو ملک دیوالیہ ہوتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سنہ 2013 میں بھی نواز شریف کو اجڑا ہوا پاکستان ملا تھا، ہچکولے کھاتی ہوئی معیشت تھی لیکن سنہ 2013 سے 2017 تک جب نواز شریف وزیر اعظم تھے تو تاریخ گواہ ہے کہ نہ بجلی کی قیمت بڑھی اور نہ آٹے، تیل کی قیمت بڑھی۔
پارٹی کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ اگر مسلم لیگ(ن) اس ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتی تو پاکستان میں کوئی سیاسی جماعت ایسی نہیں ہے جو یہ کرپائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب جب نوازشریف کی حکومت آئی ملک نے ترقی کی اور عوام کو ریلیف ملا لہٰذا جس طرح پہلے نواز شریف نے ملک کو مشکل سے نکالا اس بار بھی نکالیں گے۔