کیا پاکستان چین سے دور ہوسکتا ہے؟ شبر زیدی کی پرانی ویڈیو کو تجزیہ کاروں نے مسترد کردیا

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وفاقی وزیر خزانہ شبر زیدی کا ایک پرانا بیان ان دنوں سوشل میڈیا پر دوبارہ زیر گردش ہے، جس میں انہوں نے پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے چین کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ چین نے پاکستان کی معیشت کو امریکا سے بھی زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ پہلے دن سے سی پیک کے مخالف ہیں۔

اس ویڈیو پر کئی پاکستانی ناصرف انہیں غلط کہہ رہے ہیں بلکہ پاکستان اور چین کے تعلقات کے بہتر ہوتے تعلقات کو مثبت قرار دے رہے ہیں بلکہ اس کی اہمیت پر بھی زور دے رہے ہیں۔

اس پوری صورتحال پر وی نیوز نے مختلف تجزیہ کاروں سے رابطہ کیا اور ان سے اس پوری صورتحال پر گفتگو کی۔ اس حوالے سے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر تجزیہ کار مہتاب حیدر نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مالی مدد کی ہے، ایسے مواقع بھی آئے جب پاکستان کی مدد کے لیے دنیا میں کوئی دوسرا ملک آگے نہیں آ رہا تھا، تاہم چین نے پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکلنے میں مدد فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان کو قرضوں کی فراہمی بھی دونوں ممالک کے درمیان قریبی معاشی تعلقات کا ایک ثبوت ہے۔ ان کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے اور اگر اس کے تحت اقتصادی راہداریاں اور صنعتی زون کامیابی سے فعال ہو جاتے ہیں تو پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

مہتاب حیدر نے کہا کہ سی پیک کے نتیجے میں پاکستان کے بنیادی ڈھانچے میں بھی بہتری آئی ہے، جس میں موٹرویز سمیت مختلف منصوبے شامل ہیں، اور یہ انفراسٹرکچر آنے والے برسوں میں بھی پاکستان کے عوام اور معیشت کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہر معیشت شہباز رانا نے کہا کہ چین دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہے اور کوئی بھی سمجھ دار ملک بیجنگ کے ساتھ اپنے معاشی اور تجارتی تعلقات ختم کرنے کا نہیں سوچے گا۔ ان کے مطابق اگر پاکستان کو یک طرفہ آزاد تجارتی معاہدے (FTA) سے مسائل درپیش ہیں تو ان کا حل مذاکرات ہیں، تعلقات ختم کرنا نہیں۔ پاکستان اگر سی پیک سے مکمل فائدہ اس لیے حاصل کرنا شروع کر دے تو معیشت بلندیوں کو چھو سکتی ہے۔

بین الاقوامی امور کے ماہر منور مرزا نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کسی ایک شعبے یا ایک معاملے پر منحصر نہیں بلکہ کئی دہائیوں سے قائم ہمہ گیر تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کیا ہے اور سی پیک بھی اسی وسیع تعاون کا ایک اہم حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں، بین الاقوامی ہوائی اڈوں، سڑکوں، مواصلاتی نظام اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون واضح نظر آتا ہے۔ چین نے مشکل معاشی حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے جبکہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی چین کے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔

منور مرزا نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے چین سے مالی معاونت حاصل کرنے کی کوششوں کو پاک چین تعلقات میں خرابی کے تناظر میں دیکھنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زرِ مبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے چین سے مالی تعاون درکار رہا ہے تاکہ عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہے اور ملک میں بڑے اور درمیانے درجے کے منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہو۔

انہوں نے کہا کہ چین نے کبھی پاکستان کو امریکا یا دیگر ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنے سے منع نہیں کیا بلکہ چینی قیادت نے متعدد مواقع پر پاکستان کو بھارت کے ساتھ بھی تعلقات بہتر بنانے کا مشورہ دیا ہے۔

منور مرزا نے کہا کہ چین کے لیے بھی ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان مفید ہے، کیونکہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کے امکانات بڑھنے سے سی پیک کے تحت قائم ہونے والے بنیادی ڈھانچے سے مزید معاشی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شبر زیدی کا پاک چین تعلقات کے حوالے سے مؤقف ان کی اپنی رائے اور معاشی تجزیے پر مبنی ہے، تاہم موجودہ حالات میں ایسا کوئی واضح امکان نظر نہیں آتا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات خراب ہوں گے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات پہلے ہی مضبوط ہیں اور مستقبل میں ان کے مزید آگے بڑھنے کے امکانات ہیں۔

معاشئ ماہر شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ ایک بات کی طرف ہم بار بار زور دیتے ہیں کہ پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے اور یہی چین بھی چاہتا ہے، چین بطور دوست ملک آپ کے ساتھ تعاون کرسکتا ہے آپ کو ایک ٹریک پر چڑھا سکتا ہے، انفراسٹرکچر بنا سکتا ہے لیکن اسکا یہ مطلب تو نہیں کہ وہ سسٹم اپنے ہاتھ میں پے لے گا سسٹم ہم نے خود چلانا ہے اور یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اسے کیسے چلائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پانچوں آئل ریفائنریاں ریفائنری اپ گریڈ پالیسی کے تحت معاہدوں کے لیے تیار، علی پرویز ملک

ٹیکس اصلاحات میں شفافیت کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے، وزیر اعظم شہباز شریف

’آخر مزید کتنے بچوں کی جانیں جائیں گی؟‘، پمز میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر شوبز شخصیات پھٹ پڑیں

یورپ کے معمر ترین حکمران شاہ ہارالڈ پنجم انتقال کرگئے، نیا بادشاہ کون ہوگا؟

’روز 1300 بچے مر رہے ہیں، اگلے بچے کو مرنے سے بچائیں‘، وزیر صحت کا قومی اسمبلی میں جذباتی خطاب

ویڈیو

دفاعی تعاون کے بعد پاک سعودی اقتصادی و زرعی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق، ٹیکنالوجی، پانی اور زرعی تجارت میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ

پمز آتشزدگی: جدید فائر سیفٹی نظام ہوتا تو اتنا بڑا سانحہ نہ ہوتا

بیرسٹر سیف کا عمران خان سے رابطہ بحال، علی امین گنڈاپور عرصے بعد متحرک ہوگئے، سہیل آفریدی سے بھی دوریاں ختم

کالم / تجزیہ

کیا امریکا ہر جنگ جیت سکتا ہے؟

جب فیصلے خوف کے تابع ہوجائیں

عام آدمی کے بیٹوں کا نوحہ