لاہور میں لام فیشن ویک کا دوسرا ایڈیشن 23 سے 26 اکتوبر تک منعقد ہوگا۔
فیشن ویک کے پہلے ایڈیشن میں 37 ڈیزائنرز کے ملبوسات اور کلیکشنز پیش کیے گئے تھے، جبکہ منتظمین کے مطابق دنیا کے 100 سے زائد ممالک کے صارفین نے اس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عظیم دیوار چین پر پہلا پاک چین فیشن شو، دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کی نئی علامت
لام فیشن ویک کا بنیادی مقصد پاکستانی ڈیزائنرز اور فیشن برانڈز کو عالمی صارفین تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں رن وے پر پیش کیے جانے والے ملبوسات کو براہ راست نشر کیا جائے گا اور شو میں پیش کیے جانے کے فوراً بعد صارفین کے لیے آن لائن خریداری یا بکنگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
منتظمین نے جون میں دوسرے ایڈیشن کے لیے ڈیزائنرز سے درخواستیں بھی طلب کی تھیں، جس کے بعد مختلف ڈیزائنرز نے فیشن ویک میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: ’ان کا مقصد پاکستان کو یورپ بنانا ہے‘ اقرا یونیورسٹی کے مبینہ بولڈ فیشن شو پر عوام برہم
فیشن ویک کے پہلے ایڈیشن کو 120 سے زائد ممالک میں براہ راست نشر کیا گیا تھا، جبکہ پیش کیے گئے تمام ملبوسات لام کی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے فوری خریداری یا بکنگ کے لیے دستیاب تھے۔ کوچر ملبوسات کے آرڈرز کے ساتھ مفت ترسیل کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
منتظمین کے مطابق فیشن شو اور فوری آن لائن خریداری کو یکجا کرنے والا یہ ماڈل پاکستانی فیشن اور تخلیقی معیشت کو عالمی سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔














