ماڈل سارہ نیلم اور اینکر واسع چوہدری کو اوورسیز پاکستانیوں سے معافی کیوں مانگنا پڑی؟

بدھ 21 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چند روز قبل نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن اور ماڈل سارہ نیلم نے شرکت کی۔

اس دوران اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ماڈل سارہ نیلم نے کہا کہ بیرون ملک  سے لوگ آتے ہیں اور کاٹن کا سفید سوٹ پہنا ہوتا ہے اور کہتے ہیں کہ ہم باہر سے آئے ہیں جبکہ یہ لوگ باہر شاید واش روم صاف کررہے ہوتے ہیں یا کچھ بھی ایسا کام کررہے ہوتے ہیں اور یہاں آ کر کاٹن کا سوٹ پہن لیتے ہیں۔

سارہ نیلم کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے، اور سارہ نیلم اس وقت شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر احتشام الحق نے لکھا کہ یہ دو نمونے ٹی وی پر بیٹھ کر اوورسیز پاکستانیوں کا مذاق اڑا رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی سالانہ تقریبا 31.2 ملین ڈالرز کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں، ان کے خلاف یہ مہم ناقابل برداشت ہے اس مہم کو ختم ہونا چاہیے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ واش روم کی صفائی اپنے خاندان کے لیے روزی کمانے کا حلال طریقہ ہے۔ جو لوگ لاڈ پیار کے ماحول میں پیدا ہوتے اور پرورش پاتے ہیں وہ اسے نہیں سمجھ سکتے۔ لوگ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، بیرون ملک شادی کرنا چاہتے ہیں، بیرون ملک سے آنے والے رشتہ داروں سے تحائف مانگتے ہیں لیکن ان کے خلاف زہر اگلنے میں اپنی زبان پر قابو نہیں رکھ سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بنیادی طور پر یہ ان کا حسد ہے، یہی لوگ امریکا میں مقیم پاکستانی تنظیموں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ انہیں مختلف پراجیکٹس کے لیے وزٹ ویزا سپانسر کریں۔ افسوس!

مصباح رانجھا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں بحیثیت اوورسیز پاکستانی دنیا ٹی وی کے مشہور پروگرام مذاق رات میں ماڈل سارا نیلم اور قیصر پیا کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کے خلاف بہیودہ زبان استعمال کرنے پر اس کی پرزور مذمت کرتا ہوں

الحمدللہ ! میں رزق حلال کماتا ہوں اور اتنا ہی کہوں گا ہماری عورتیں عزت سے گھر بیٹھ کر کھاتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد پروگرام کے میزبان واسع چوہدری نے تمام اوورسیز پاکستانیوں سے معافی مانگتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ گزشتہ رات  ہمارے شو میں ایک مہمان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے متعلق انتہائی احمقانہ، گھٹیا اور مضحکہ خیز تبصرہ کیا گیا تھا جس کے بعد پروگرام کے کامیڈین کی جانب سے بھی مذاق اڑایا گیا، مذاق رات کی پوری ٹیم کی جانب سے میں معافی مانگتا ہوں۔

واسع نے کہا کہ آج رات نشر ہونے والی قسط  میں اس حوالے سے باضابطہ طور پر معذرت کی جائے گی، میں بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں سے ذاتی طور پر معافی مانگنا چاہتا ہوں۔ ہم آپ سے محبت کرتے ہیں، اگرچہ اس وقت آپ کو ایسا محسوس نہیں ہوگا، لیکن غلطیاں اپنوں سے ہی ہوتی ہیں۔

واسع چوہدری کے بیان کے بعد ماڈل سارہ نیلم نے بھی اپنے انسٹا گرام پر ویڈیو بیان جاری کر دیا اور اوورسیز پاکستانیوں سے معافی مانگ لی۔

اپنے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد ہر گز کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا، میں آپ سب سے دل سے معافی مانگتی ہوں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Sara Neelum (@sarahneelum)

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ سب نے تنقید کر دی، میرا مذاق بھی اڑا لیا مگر کوئی اس کے پس منظر میں نہیں گیا۔ آپ سب لوگوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ مذاق رات پروگرام کا اسکرپٹ پہلے سے طے شدہ تھا، آپ سب کونہیں معلوم کہ سوشل میڈیا پر تنقید سے میں اور میری فیملی کس ذہنی اذیت سے گزر رہی ہے۔

اس سے پہلے 2016 میں بھی واسع چوہدری نے اپنے پروگرام میں پختونوں کا مذاق اڑایا تھا اور پھر اس پر انہیں معافی مانگنا پڑی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp