نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج استنبول میں جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں جانب سے سیاسی، اقتصادی، سیکیورٹی اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ تعلقات کے مسلسل استحکام اور وسعت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 held a meeting with H.E. Hakan Fidan @HakanFidan , Minister of Foreign Affairs of the Republic of Türkiye, in Istanbul today.
Both sides expressed satisfaction at the continued strengthening and… pic.twitter.com/XYb3ZCGC8v
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) August 30, 2026
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے فریم ورک کے تحت ہونے والی پیشرفت کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے آئندہ اجلاس کا جلد انعقاد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی اہمیت کے حامل مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں خصوصی سیکریٹری (اقوام متحدہ) نبیل منیر، ڈائریکٹر جنرل (اقوام متحدہ) عمر صدیق، فرسٹ سیکریٹری قاضی سلیم اور نائب وزیر خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر آغا حنین بھی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ موجود تھے۔














