تین اداکارائیں، تین الگ کہانیاں، کیا فلم ’شیروز‘ سینما میں تہلکہ مچا پائے گی؟

پیر 31 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اداکارہ کنزہ ہاشمی، زارا نور عباس اور اشنا شاہ کی نئی فلم ’شیروز‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا جس میں تینوں اداکارائیں مختلف اور منفرد کرداروں میں نظر آرہی ہیں۔

فلم کا ٹریلر سندھ فلمز کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جو حکومتِ سندھ کے تحت فلم سازی کا اقدام ہے۔ ’شیروز‘ کو جیو فلمز کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے اور فلم 18 ستمبر کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

فلم کی کہانی تین الگ اور خودمختار کہانیوں پر مشتمل ہے جن میں کنزہ ہاشمی، زارا نور عباس اور اُشنا شاہ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

ٹریلر کے آغاز میں کنزہ ہاشمی آرٹ گیلری میں دکھائی دیتی ہیں جہاں پینٹنگز کی خرید و فروخت کے دوران کہانی میں پراسرار رنگ نمایاں ہوتا ہے۔ زارا نور عباس پولیس افسر کے کردار میں نظر آتی ہیں جو ایک بم کو ناکارہ بنانے کی کوشش کرتی ہیں جبکہ اشنا شاہ ایک باکسر کے روپ میں سخت تربیت اور رنگ میں حریف کا مقابلہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: محبت، قربانی اور حب الوطنی کی زبردست کہانی، ڈراما سیریل ’ بارِ وفا‘ کا ٹیزر جاری، سوشل میڈیا پر دھوم

ٹریلر میں زارا نور عباس کو تیز رفتار گاڑی چلانے، موٹر سائیکل پر پولیس اسٹیشن پہنچنے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے جبکہ کنزہ ہاشمی اور اشنا شاہ کے کردار بھی ایکشن سے بھرپور مناظر میں نمایاں ہیں۔

’شیروز‘ کی ہدایت کاری ثاقب خان اور بدر محمود نے کی ہے جبکہ فلم کی کہانی اور اسکرپٹ پر محسن علی، ہاشم ندیم اور آمنہ مفتی نے کام کیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسر عمران حسین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے پہلے ریپ رئیلٹی شو کا ٹیزر جاری، طلحہٰ انجم اور بوہیمیا ججز مقرر

یہ فلم سندھ فلمز کی گزشتہ بڑی پیشکش ’میرا لیاری‘ کے بعد ریلیز ہورہی ہے جو رواں سال مئی میں سینما گھروں کی زینت بنی تھی اور اس میں بھی خواتین کرداروں کو مرکزی حیثیت حاصل تھی۔

فلم ’شیروز‘ کی ریلیز کے ساتھ ہی شائقین کو تین مختلف کہانیوں، ایکشن، ڈرامے اور مضبوط خواتین کرداروں پر مبنی ایک نئی پاکستانی فلم دیکھنے کو ملے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp