پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے، وزیراعظم شہباز شریف

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، اسے سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے۔

مزید پڑھیں:آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پاکستان میں ہوگا، ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اداروں کو اپنے اعلانات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہوگا۔ غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی المیہ ناقابلِ تصور مصائب کا باعث بن رہا ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کرے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایس سی او کے قیام کے 25 سال مکمل ہونا اہم سنگِ میل ہے، پاکستان تنظیم کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے۔ عالمی منظرنامہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی سے دوچار ہے جبکہ ایس سی او مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے اجتماعی عزم کی علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا اور اس کی سفارتی کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچیں۔

مزید پڑھیں:اسحاق ڈار سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات، علاقائی تعاون کے فروغ پر اتفاق

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ پاکستان پائیدار علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے اور کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کا حامی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp