امریکا اور ایران میں کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد کا بڑا اضافہ

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور ایران کے درمیان لڑائی کے دوبارہ چھڑ جانے سے مشرق وسطیٰ سے تیل کی نقل و حمل متاثر ہونے کے اندیشے شدید ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں منگل کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً 4 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ہفتے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

عالمی منڈی میں برینٹ فیوچرز کی قیمت 3.44 ڈالر یعنی 3.8 فیصد اضافے کے ساتھ 93.93 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں 3.72 ڈالر یا 4.3 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور یہ 89.48 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ یہ برینٹ کے لیے 20 اگست اور WTI کے لیے 23 جولائی کے بعد سب سے زیادہ بندش کی سطح ہے۔

یہ بھی پڑھیے ٹرمپ کا وینزویلا سے ’تاریخ کا سب سے بڑا تیل معاہدہ‘، 65 ارب بیرل ذخائر پر امریکی کنٹرول اور پیٹرول سستا ہونے کا دعویٰ

امریکا کی جانب سے منگل کے روز ایرانی اہداف پر نئے فضائی حملے کیے گئے، جس نے ان امیدوں کو ختم کر دیا کہ ہفتے کے اختتام پر ہونے والی جھڑپیں شاید کسی بڑے تصادم میں تبدیل نہ ہوں۔ دوسری جانب جولائی کے بعد پہلی بار براہ راست حملوں اور آبنائے ہرمز سے نکلنے والے 2 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات کے بعد قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا تھا۔ واضح رہے کہ ایران نے اس اہم عالمی بحری گزرگاہ کو بحری جہاز رانی کے لیے عملًا بند کر رکھا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو سخت جواب دینے کی دھمکی اور امریکی سکریٹری خزانہ اسکاٹ بیسینٹ کے نئے پابندیوں کے انتباہ کے باوجود تہران اپنے موقف پر قائم ہے۔ تہران نے واضح کیا ہے کہ وہ خلیج سے تیل کی برآمدات کو روکے گا۔

ڈیزل کی قیمتوں میں بھی یکایک اضافہ

امریکا اور ایران کی جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ کی ریفائنریز میں پیداوار کی معطلی اور یوکرینی حملوں کی وجہ سے روسی ریفائنریز کی متاثرہ صورتحال کے باعث عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ایل ایس ای جی (LSEG) کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 10 ہفتوں کے دوران تقریباً 51 فیصد اضافے کے بعد منگل کو امریکا میں ڈیزل فیوچرز 52 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب ٹریڈ کر رہے تھے، جس نے ریفائننگ منافع کے مارجن کا تعین کرنے والے کریک اسپرڈ کو تقریباً 106 ڈالر فی بیرل کی ریکارڈ سطح پر پہنچا دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp