پاکستان کے ڈینٹل سیکٹر میں مقامی مینوفیکچرنگ اور برآمدات کے فروغ کی ضرورت پر زور

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی وفاقی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ڈینٹل کیئر اینڈ ٹریڈ کا افتتاحی اجلاس صدر سیکریٹریٹ ایف پی سی سی آئی اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت کمیٹی کے کنوینئر شرافت علی نے کی، جبکہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق خان جادون اور چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں راشد ہمایوں، محمد شفیق خان سواتی، لیفٹیننٹ کرنل سید ارشاد حسین شاہ، پروفیسر ڈاکٹر جوریہ اظہر سمیت ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران، پی ڈی ٹی ایم اے کی قیادت، کمیٹی اراکین، ڈینٹسٹس، ڈینٹل ٹریڈرز، مینوفیکچررز اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پاکستان کے ڈینٹل سیکٹر کو درپیش مسائل اور مستقبل میں موجود مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے ڈینٹل کیئر کی بہتری، ڈینٹل تجارت اور درآمدات میں سہولت، مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ اور ڈینٹل مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کو اہم ترجیحات قرار دیا۔

شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں ڈینٹل آلات، آلاتِ جراحی اور دیگر مصنوعات کی مقامی سطح پر تیاری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جو نہ صرف درآمدی انحصار کم کرنے بلکہ روزگار، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

اجلاس میں DRAP اور کسٹمز سے متعلق ریگولیٹری و طریقہ کار کی مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اس امر کی ضرورت پر زور دیا گیا کہ ڈینٹل انڈسٹری اور متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

کمیٹی کے کنوینئر شرافت علی نے کہاکہ کمیٹی کا مقصد صرف مسائل کی نشاندہی کرنا نہیں بلکہ ان کے عملی اور قابلِ عمل حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی ڈینٹسٹس، ٹریڈرز، مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز کی تجاویز کو مرتب کرکے ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم کے ذریعے DRAP، کسٹمز، TDAP اور دیگر متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

شرافت علی نے مزید کہا کہ پاکستان کے ڈینٹل سیکٹر میں مقامی مینوفیکچرنگ اور برآمدات کے فروغ کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، جس سے نہ صرف شعبہ صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ ملکی معیشت میں بھی نمایاں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

اجلاس کے شرکا نے ڈینٹل سیکٹر کی ترقی، کاروباری سہولت، مقامی صنعت کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے اور عملی اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp