بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے کو ختم کرانے کے لیے وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان آج منصورہ، لاہور میں انتہائی اہم اور حتمی مذاکرات ہوں گے، مذاکرات میں شرکت کے لیے حکومتی وفد منصورہ پہنچ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال، حکومتی وفد منصورہ میں مذاکرات کے لیے تیار
جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کی قیادت نائب امیر لیاقت بلوچ کررہے ہیں، جبکہ حکومتی وفد کی قیادت وفاقی وزیر احسن اقبال کے سپرد کی گئی ہے۔ حکومتی وفد میں سینیئر رہنما سینیٹر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور بلال کیانی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی وفد کا حصہ ہیں، جو جماعت اسلامی کے مطالبات پر حکومتی اقدامات اور تجاویز سے متعلق تکنیکی و معاشی بریفنگ دیں گے۔
منصورہ پہنچنے پر لیاقت بلوچ نے حکومتی وفد کا استقبال کیا، حکومتی وفد نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال، کہیں مکمل کہیں جزوی کامیاب
یاد رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں دھرنے دیے ہوئے ہیں، جماعت اسلامی نے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال بھی دے رکھی تھی، حکومت نے جماعت اسلامی سے احتجاج ختم کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔
حکومت کا استقلال ہے کہ دھرنا ختم کیا جائے، آئی ایم ایف سے معاہدے کی وجہ سے حکومت کی مشکلات ہیں، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔














