امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارتی، تکنیکی، توانائی اور کاروباری شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع سامنے آ رہے ہیں۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کے مطابق گوگل کے پاکستان میں پہلے دفتر کے افتتاح، تیل و گیس کے شعبے میں اہم معاہدے اور امریکی کاروباری ماہرین کی پاکستانی نوجوانوں سے ملاقاتیں دونوں ملکوں کے بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتی ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق ناظم الامور نیٹلی بیکر نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت تقریب میں گوگل کے پاکستان میں پہلے دفتر کے افتتاح میں شرکت کی۔ اس موقع پر گوگل نے اردو زبان میں بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے اقدام شروع کرنے کے ساتھ پاکستانی حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا، جس کے تحت طلبہ کو ایک سال تک گوگل کے مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک مفت رسائی فراہم کی جائے گی۔
What’s the latest in the U.S.-Pakistan partnership? Chargé Baker joined Google to launch their first Pakistan office at a ceremony led by PM Sharif – a bold step forward for U.S.-Pakistan innovation! Chargé Baker also joined the Ministry of Petroleum and Baker Hughes executives… pic.twitter.com/PFRFqLmjfR
— U.S. Embassy Islamabad (@usembislamabad) September 4, 2026
گوگل اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسی لینس بھی قائم کرے گا جبکہ ڈیڑھ لاکھ کارکنوں کو پیشہ ورانہ تربیت دینے اور پاکستانی و امریکی ماہرین پر مشتمل مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
نیٹلی بیکر نے پاکستان کی وزارت پٹرولیم، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی اور امریکی کمپنی بیکر ہیوز کے حکام کے ساتھ ایک اہم معاہدے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
معاہدے کے تحت پاکستان کے 18 تیل و گیس کے ذخائر کی ترقی نو کے لیے امریکی ٹیکنالوجی اور مہارت استعمال کی جائے گی۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں امریکی تعاون اور توانائی کے تحفظ کے لیے دونوں ملکوں کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
دوسری جانب امریکی سرمایہ کار اور کاروباری شخصیت سکاٹ فوکس نے ’فریڈم 250‘ اسپیکر سیریز میں شرکت کی، جہاں پاکستانی کاروباری رہنماؤں، ماہرین تعلیم اور سرمایہ کاری کے ماہرین کو امریکی کاروباری تجربات سے استفادے اور ممکنہ شراکت داری کے مواقع فراہم کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز اور امریکی سفیر کی اہم ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
کراچی میں امریکی قونصل جنرل نے لنکن کارنر میں ’فاؤنڈرز میوزیم‘ کی ’روڈ ٹو لبرٹی‘ نمائش کا افتتاح بھی کیا۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ وائٹ ہاؤس کا سفری منصوبہ ہے جس کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں اور اساتذہ کو امریکا کے بانی رہنماؤں اور ملک کی تاریخ سے متعارف کرایا جارہا ہے۔
امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی، توانائی، تعلیم اور کاروباری جدت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون امریکا اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کو نئی سمت دے رہا ہے۔














