پینٹاگون کے اہم خفیہ راز لیک، 50 افسران پولی گراف ٹیسٹ کی زد میں، بڑی کارروائی شروع

ہفتہ 5 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی وزارت دفاع پینٹاگون سے خفیہ فوجی معلومات لیک ہونے کے سنگین معاملے کی تحقیقات کے دوران جوائنٹ اسٹاف کے 50 ارکان کو پولی گراف ٹیسٹ سے گزارا گیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی اہم ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر میں کمی سے متعلق حساس معلومات کے افشاں ہونے پر شروع کی گئی۔ یہ تحقیقات جدید امریکی تاریخ میں اپنی نوعیت کی ایک منفرد اور غیرمعمولی مثال قرار دی جا رہی ہیں۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے اندر سے حساس نوعیت کی معلومات، جن کا تعلق اہم ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر میں کمی سے تھا، باہر منظرِ عام پر آ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:پینٹاگون کی نئی میڈیکل پالیسی: مرد فوجیوں کے لیے ہارمون ٹیسٹ لازمی، خواتین کو مختلف ہدایت

ان رازوں کے افشاں ہونے کے بعد وزارتِ دفاع نے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر داخلی تحقیقات کا آغاز کر دیا اور اس کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے جوائنٹ اسٹاف کے درجنوں ارکان کو تفتیش کے عمل میں شامل کیا۔

پولی گراف ٹیسٹ کا دائرہ کار

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جوائنٹ اسٹاف میں مجموعی طور پر تقریباً 2 ہزار افسران اور اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ان میں سے 50 ارکان کو خصوصی طور پر پولی گراف ٹیسٹ کے عمل سے گزارا گیا، جو کہ خفیہ معلومات کے ممکنہ ذرائع کا سراغ لگانے کی ایک اہم کڑی سمجھی جا رہی ہے۔

 نیویارک ٹائمز کے مطابق حالیہ امریکی تاریخ میں اس پیمانے پر کی جانے والی اس نوعیت کی تحقیقات کی کوئی نظیر نہیں ملتی، جس سے اس معاملے کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

پینٹاگون کے اندر بداعتمادی کی فضا

نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ پینٹاگون کے اندرونی حلقوں میں اس وقت شدید بداعتمادی اور باہمی شکوک و شبہات کا ماحول پایا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:پینٹاگون میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، آرمی سیکریٹری ڈینیئل ڈرسکول مستعفی

رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کی قیادت میں یہ صورتحال مزید گمبھیر ہوتی جا رہی ہے، جس سے ادارے کے اندر کام کرنے والے افسران اور عملے میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔

دوسری جانب پینٹاگون کی جانب سے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خفیہ اور حساس معلومات کا تحفظ امریکی فوجیوں کی سلامتی اور قومی سلامتی کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔

ادارے نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی لیکس کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp