سعودی عرب پر حوثی حملے کی مذمت اور سعودی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

منگل 8 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں شہری اور توانائی کی تنصیبات کو حوثیوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں شہری اور توانائی کی تنصیبات پر بزدلانہ حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جس کی پاکستان سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں بلکہ خطے کے امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

مزید پڑھیں:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے امیدوار اولارا اوتونو کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔

حوثیوں کے حملوں میں 73 شہری زخمی، سعودی عرب کا عالمی برادری سے فوری کارروائیاں روکنے کا مطالبہ

سعودی عرب نے ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے، حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 73 شہری زخمی ہوئے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر مسلسل حملوں اور عالمی بحری آمدورفت کی آزادی کو لاحق خطرات کی بھی مذمت کی گئی ہے۔

سعودی عرب نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کا جارحانہ اور مجرمانہ طرز عمل یمن اور اس کے عرب و اسلامی ماحول کی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ ہے، جبکہ ملیشیا امن کی تمام کوششوں کو مسلسل مسترد کررہی ہے۔

مزید پڑھیں:یومِ فضائیہ: وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت

بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کو اپنی خودمختاری کے دفاع، قومی تنصیبات کے تحفظ اور شہریوں و مقیم افراد کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کا قانونی حق حاصل ہے۔ سعودی عرب اپنی سرزمین یا قومی تنصیبات پر کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا۔

سعودی وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ حوثی ملیشیا کے خلاف اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، بالخصوص قرارداد 2216 اور 2722 پر عمل درآمد یقینی بنائے اور شہریوں و تنصیبات پر حملے فوری طور پر رکوانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

حوثی حملوں کی مذمت، سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اعلان: خلیج تعاون کونسل

خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے جنوبی سعودی عرب میں حوثی گروپ کے حملوں اور شہریوں، قومی اثاثوں اور شہری تنصیبات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔

جاسم البدیوی نے کہا کہ حملوں کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے، جبکہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے مسلسل حملے علاقائی و عالمی امن اور سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان خلاف ورزیوں کے خلاف مضبوط اور مؤثر موقف اختیار کرے، ذمہ داروں اور ان کے معاونین کا احتساب یقینی بنائے اور حوثیوں کی کارروائیاں روکے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی زرعی و غذائی برآمدات بڑھانے پر اتفاق، ہدف 3 ارب ڈالر مقرر

خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ تمام رکن ممالک سعودی عرب کے ساتھ متحد کھڑے ہیں اور اس کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور قومی صلاحیتوں کو لاحق ہر خطرے کے مقابلے میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے اپنی سرزمین، شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp