وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرأت اور ملکی فضائی حدود کے دفاع میں ان کے کردار کو سراہا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں وزیراعظم اور صدرِ مملکت نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہر مشکل اور جنگی صورتحال میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ قابلیت، مہارت اور برتری ثابت کی۔
مزید پڑھیں:7 ستمبر یومِ فضائیہ: ایم ایم عالم کا کارنامہ اور شاہینوں کی بہادری آج بھی یادگار
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ ایک قابلِ فخر ادارہ ہے جس کی تاریخ قربانی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے عبارت ہے۔ جب بھی قوم نے پکارا، پاک فضائیہ نے غیر معمولی حوصلے اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے ہوا بازوں نے ملکی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے غیر معمولی جذبے کا مظاہرہ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے آسمان کی وسعتوں میں اپنے عزم اور جذبے سے کامیابی حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ کے کردار کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے دیگر مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں دشمن کا مقابلہ کیا اور ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت ثابت کی۔
یوم فضائیہ کے موقع پر پاکستان ائیر فورس کیجانب سے لہو گرما دینے والا نیا نغمہ ریلیز
یومِ فضائیہ پر جاری کیا گیا نغمہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرأت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے@PAFFalconsPK @AmirSaeedAbbasi @KulAalam pic.twitter.com/8SX8UWJGm2— Media Talk (@mediatalk922) September 7, 2026
شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو جرأت مندانہ قیادت، جنگی عملے کی اعلیٰ حربی مہارت، بہترین منصوبہ بندی، جدید ٹیکنالوجی اور جدید جنگی صلاحیتوں کے مؤثر استعمال کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے محدود وسائل اور عددی برتری کے باوجود دشمن کا مقابلہ کرنے کی اپنی شاندار روایت برقرار رکھی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا، جبکہ معرکۂ حق میں بھی اس نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی جرأت مندانہ قیادت، بہترین منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے۔
مزید پڑھیں:یومِ فضائیہ: راشد منہاس شہید کو خراجِ عقیدت، پھولوں کی چادر چڑھانے کی پُروقار تقریب
انہوں نے کہا کہ تعداد میں کم ہونے کے باوجود پاک فضائیہ نے بھرپور مقابلہ کرنے کی روایت برقرار رکھی اور اس کے شاہینوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، وہ پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔
وزیراعظم اور صدرِ مملکت نے وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہے اور آئندہ بھی ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہے گی۔
پاکستان میں ہر سال 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ منایا جاتا ہے، جو 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے تاریخی کردار اور شاہینوں کی بہادری کی یاد تازہ کرتا ہے۔














