پاکستان کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف اقدامات کا خیرمقدم

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی مصنوعات پر پابندی عائد کرنے کے برطانیہ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ فلسطینیوں کی حمایت میں سامنے آگیا، اسرائیلی آبادکاری کے خلاف پابندیوں کا اعلان

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی ورزی ہے۔ یہ غیر قانونی اقدامات دو ریاستی حل، اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔

پاکستان نے کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین اور سویڈن سمیت متعدد دیگر ممالک کے اس اعلان کا بھی خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف ایسے ہی اقدامات پر غور اور ان کی حمایت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اقدامات کی مکمل مذمت اور نفی کا ایک واضح اور غیر مبہم پیغام جائے گا۔

مزید پڑھیے: پاکستان کا کینیڈا، فرانس، برطانیہ سمیت 13 ممالک کے 2 ریاستی حل کی حمایت کا خیرمقدم

بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان حقِ خودارادیت کے لیے فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ پاکستان سنہ 1967 کی سرحدوں پر مبنی، القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے والی ایک خود مختار، آزاد اور مسلسل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے تمام تر کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp