ڈوپنگ کیس: قومی پہلوان انعام بٹ نے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن اور ایشین گیمز کے عہدے چھوڑ دیے

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے نامور پہلوان اور اسپورٹس ایڈمنسٹریٹر محمد انعام بٹ نے اپنے خلاف ڈوپنگ کیس کا حتمی فیصلہ آنے تک پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ایتھلیٹس کمیشن کے چیئرمین کے عہدوں سے رضا کارانہ طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔

انعام بٹ نے بدھ کے روز بتایا کہ انہوں نے اپنے اس فیصلے سے ریسلنگ فیڈریشن کے صدر اور پی او اے حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم کھیل کے وسیع تر مفاد، شفافیت اور غیر جانب داری کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ تحقیقات کا عمل متاثر نہ ہو اور قومی ریسلرز کا نقصان نہ ہو۔

ایشین گیمز میں کوچنگ سے دستبرداری

انعام بٹ نے جاپان میں 19 ستمبر سے شروع ہونے والے ایشین گیمز سے بطور کوچ دستبردار ہونے کا بھی اعلان کیا ہے جہاں وہ قومی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے تھے۔ اینٹی ڈوپنگ حکام اور ورلڈ باڈی ‘یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ’ کی جانب سے ان کے کیس کا فیصلہ رواں چند دنوں میں متوقع ہے جس کے باعث انہوں نے کیس حل ہونے تک تمام ریسلنگ سرگرمیوں سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایشین گیمز کے لیے متبادل انتظامات

انعام بٹ کے نہ جانے کے باعث اب ایشین گیمز میں پاکستانی ریسلنگ ٹیم کے ساتھ صرف ایک آفیشل جائے گا۔ وفد میں بطور مینیجر شامل ارشد ستار اب کوچ کی ذمہ داریاں بھی ادا کریں گے۔

ایونٹ میں پاکستان کے 4 پہلوان ایکشن میں نظر آئیں گے

محمد عبداللہ (65 کلوگرام)، عنایت اللہ (74 کلوگرام)، نعمان ذکا (86 کلوگرام) اور محمد گلزار (97 کلوگرام)۔

قومی ریسلنگ ٹیم کا تربیتی کیمپ اس وقت اسلام آباد میں کوچز عثمان شاہد اور اظہر حسین کی زیرِ نگرانی جاری ہے۔ قومی ٹیم 27 ستمبر کو جاپان روانہ ہوگی جہاں ریسلنگ کے مقابلے 3 اکتوبر کو ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp