عاصم افتخار احمد نئے سیکریٹری خارجہ مقرر، آمنہ بلوچ ترکیہ میں پاکستان کی سفیر ہوں گی

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بدھ کے روز اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کو نیا سیکریٹری خارجہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان میں کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سفیر عاصم افتخار احمد پاکستان کے نئے سیکریٹری خارجہ ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کامل یقین ہے کہ ان کی قیادت میں دفتر خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور ان کے پیشروؤں کی کوششوں کو آگے بڑھاتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت اور واضح مقاصد کے ساتھ قومی مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا۔

آمنہ بلوچ کی خدمات کا اعتراف

وزیر خارجہ نے موجودہ سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی سفارتی تاریخ کے ایک انتہائی اہم دور میں وزارت خارجہ کی بہترین قیادت کی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد، آمنہ بلوچ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد ترکیہ میں پاکستان کی نئی سفیر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

آمنہ بلوچ جنہوں نے 11 ستمبر 2024 کو پاکستان کی 33 ویں سیکریٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالا تھا 17 ستمبر کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہو رہی ہیں۔

نئے سیکریٹری خارجہ کا ردعمل

اپنے انتخاب پر ردعمل دیتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اسے اپنے لیے باعث اعزاز قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ قیادت کی جانب سے کیے جانے والے اس اعتماد پر بے حد ممنون ہوں۔ سپریم قومی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے اس ذمہ داری کو پوری تندہی سے نبھاؤں گا۔

عاصم افتخار احمد نے اس موقعے پر اپنے والدین، اہلخانہ اور ہمکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp