پشاور میں الیکٹرک گاڑیاں استعمال کرنے والوں کی سہولت کے لیے پہلا چارجنگ اسٹیشن قائم کر دیا گیا ہے۔
یہ چارجنگ اسٹیشن پشاور میں موٹر وے کے قریب رنگ روڈ پر واقع ہے، جہاں 24 گھنٹے فاسٹ چارجنگ کی سہولت دستیاب ہے۔ اسٹیشن منیجر کے مطابق ابتدائی دنوں میں یہاں بہت کم گاڑیاں آتی تھیں، تاہم اب آہستہ آہستہ گاڑیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چارجنگ کی یہ سہولت دیگر علاقوں میں بھی فراہم کی جائے گی۔
اسٹیشن منیجر نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمتیں آسمان تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ سی این جی بھی مہنگی ہو گئی ہے اور اکثر دستیاب نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق اب الیکٹرک گاڑیوں کا دور آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’ایک دفعہ الیکٹرک گاڑی کو چارج کر لیں تو آسانی سے اسلام آباد پہنچ جاتے ہیں اور خرچہ بھی انتہائی کم آتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ اسٹیشن پر فاسٹ چارجنگ کی سہولت موجود ہے اور زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹے میں گاڑی 100 فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔ چارجنگ کے دوران صارفین کی سہولت کے لیے بیٹھنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
اسٹیشن منیجر کے مطابق، ’شروع میں ایک دن میں ایک یا دو گاڑیاں آتی تھیں، اب یہ تعداد 15 سے زیادہ ہو گئی ہے۔‘
الیکٹرک گاڑی استعمال کرنے والے ایک شہری نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد انہوں نے الیکٹرک گاڑی خریدنے کا فیصلہ کیا، تاہم گھر میں بھی اس فیصلے کی مخالفت ہوئی۔
انہوں نے کہا، ’ابتدائی مسئلہ یہ تھا کہ چارج کہاں کریں گے، پشاور میں اسٹیشنز بھی نہیں تھے اور بیٹری کا بھی کیا بھروسا تھا۔‘
شہری نے بتایا کہ مخالفت کے باوجود انہوں نے اپنی پرانی گاڑی فروخت کرکے الیکٹرک گاڑی خرید لی۔ ان کا کہنا تھا، ’یقین جانیے، میری زندگی سکون سے ہو گئی ہے۔ نہ زیادہ مرمت کی فکر ہے اور نہ خرچے کا ڈر۔‘
انہوں نے کہا کہ اب پشاور میں بھی لوگ آہستہ آہستہ الیکٹرک گاڑیوں کی طرف آ رہے ہیں، تاہم مزید چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔













