چترال گول نیشنل پارک میں مبینہ طور پر بغیر اجازت تعمیراتی سامان لے جانے کی کوشش کے دوران پارک کے مرکزی گیٹ کا تالا توڑ کر گاڑی اندر داخل کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے، تاہم محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے پولیس کو درخواست دینے کے باوجود تاحال ایف آئی آر درج نہیں ہوسکی۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق واقعہ 7 ستمبر کی شام چترال انٹیگریٹ کے مقام پر پیش آیا، جہاں تعمیراتی سامان سے لدی مزدا گاڑی نیشنل پارک کے داخلی گیٹ پر پہنچی۔ اہلکاروں نے متعلقہ اجازت نامہ نہ ہونے پر گاڑی کو اندر جانے سے روک دیا۔
یہ بھی پڑھیں:مارخور اور آئی بیکس کے شکار کے مہنگے ترین پرمٹ، بولی کیسے ہوتی ہے؟
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ موقع پر موجود بعض افراد نے گاڑی اندر لے جانے کے لیے وائلڈ لائف اہلکاروں پر دباؤ ڈالا، اجازت نہ ملنے پر مبینہ طور پر نیشنل پارک کے مرکزی گیٹ کا تالا توڑ دیا گیا اور چیک پوسٹ کا بیریئر ہٹا کر گاڑی کو پارک کے اندر لے جایا گیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت قریبی مقام پر پولیس اہلکار بھی موجود تھے، تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ڈی ایف او چترال گول نے متعلقہ تھانے کو درخواست دے کر نامزد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کی ہے۔
ڈی پی او لوئر چترال ریشما جہانگیر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی درخواست موصول ہوئی ہے، معاملے کی انکوائری جاری ہے اور اس کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
چترال گول نیشنل پارک نایاب جنگلی حیات، خصوصاً کشمیر مارخور کے تحفظ کے حوالے سے اہم محفوظ علاقہ ہے۔














