موبائل فون، ٹیبلٹ اور کمپیوٹر کا طویل اور غلط انداز میں استعمال گردن کے پٹھوں اور مہروں پر دباؤ بڑھا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں ’ٹیک نیک‘ یا ’اسکرین نیک‘ جیسے مسائل پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس سے بچاؤ کے لیے ’چن ٹکس‘ نامی ایک سادہ ورزش مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
اسکرین دیکھتے ہوئے مسلسل گردن آگے کی جانب جھکانے سے گردن کے پٹھوں پر غیر معمولی دباؤ پڑتا ہے۔ سر کو جتنا زیادہ آگے جھکایا جائے، گردن پر اتنا ہی زیادہ بوجھ پڑتا ہے، جس سے وقت کے ساتھ گردن میں درد اور اکڑاؤ سمیت دیگر مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر طبی عملے کو مریضوں کے معائنے، ریکارڈ دیکھنے اور دیگر دفتری امور کے دوران بار بار نیچے دیکھنا پڑتا ہے، جبکہ انتظامی عملہ بھی طویل وقت تک کمپیوٹر پر کام کرتا ہے۔ اس وجہ سے ان افراد میں گردن کے مسائل کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔ایسے میں ’چن ٹکس‘ ورزش گردن کو درست پوزیشن میں رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گردن پر پرفیوم لگانے سے کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، ماہرین کا انتباہ
اس کے لیے کرسی پر کمر سیدھی رکھ کر بیٹھیں اور نظریں سامنے رکھیں۔ سر کو اوپر یا نیچے کیے بغیر چہرے اور تھوڑی کو آہستہ سے پیچھے کی جانب کھینچیں، یہاں تک کہ تھوڑی اندر کی طرف محسوس ہو۔ چند سیکنڈ اسی پوزیشن میں رہنے کے بعد گردن کو معمول کی حالت میں لے آئیں۔
اس ورزش کے دوران گردن کے پچھلے حصے میں ہلکا کھنچاؤ محسوس ہوسکتا ہے۔ ورزش کا مقصد گردن کے پٹھوں کو مضبوط بنانے اور سر اور گردن کو بہتر پوزیشن میں رکھنے میں مدد دینا ہے۔

گردن میں مسلسل درد، کندھوں میں اکڑاؤ، گردن کے تناؤ سے ہونے والا سر درد یا ہاتھوں اور بازوؤں میں سنسناہٹ اور بے حسی جیسی علامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ایسی صورت میں طبی ماہر سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔
گردن کی صحت کے لیے ورزش کے ساتھ اسکرین استعمال کرتے ہوئے مناسب نشست اور پوزیشن اختیار کرنا بھی ضروری ہے۔ کام کے دوران وقفے وقفے سے اسکرین سے نظریں ہٹانا اور گردن کو آرام دینا بھی ’ٹیک نیک‘ سے بچاؤ میں مددگار ہوسکتا ہے۔














