پنجاب میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور تھیٹر کی بحالی کے لیے حکومت کے اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ اس سلسلے میں برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران برطانوی سفارتکار بین وارنگٹن نے پنجاب میں تھیٹر اور ثقافت کے احیاء کے لیے حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تھیٹر اور کلچر کی بحالی کے لیے بہت بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مجھے ذاتی طور پر پنجاب کی ثقافت اور یہاں کا تھیٹر بہت پسند ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے محفوظ بسنت کے کامیاب اور پرامن انعقاد کو بھی انتہائی خوش آئند قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیے پنجاب میں فیملی تھیٹر کی بحالی کا آغاز اگلے ماہ ہوگا، عظمیٰ بخاری
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں تھیٹر کا احیاء وزیر اعلیٰ مریم نواز کا اہم مشن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں فیملی تھیٹر کو بحال کیا جا رہا ہے اور تھیٹر سے فحاشی کا خاتمہ اور معیار کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ لاہور کے روایتی ثقافتی مرکز ‘الحمراء’ میں تھیٹر کے احیاء کے لیے معیاری اور کامیاب ڈرامے پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں فیملیز کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام معیاری تفریح کو پسند کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے لاہور کی خوبصورتی اور ترقی اب پنجاب کے ہر شہر میں منتقل ہو رہی ہے، عظمیٰ بخاری
ملاقات کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات نے برطانوی سفارتکار بین وارنگٹن کو آنے والے کلچر فیسٹیول میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ ملاقات کے اختتام پر بین وارنگٹن نے عظمیٰ بخاری کو ایک یادگاری سووینئر پیش کیا۔














