پاکستان کے لیے ایک تاریخی اور باعث فخر لمحے میں پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ہبوبرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن 2026 حاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی کا عرب ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم پیغام
یہ باوقار عالمی اعزاز 11 ستمبر 2026 کو لندن کے تاریخی لیمبتھ پیلس میں ایک خصوصی تقریب کے دوران آرچ بشپ آف کینٹربری سارہ مُلالی نے مولانا طاہر اشرفی کی امن، مفاہمت، بین المذاہب ہم آہنگی، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انتہاپسندی و دہشت گردی کے خلاف دہائیوں پر محیط خدمات کے اعتراف میں پیش کیا۔
اس اعزاز کے ساتھ مولانا طاہر اشرفی یہ عالمی ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی مسلم مذہبی عالم بن گئے ہیں جو پاکستان کی مذہبی سفارت کاری، عالمی سافٹ پاور اور مثبت قومی تشخص کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
آرچ بشپ آف کینٹربری کی جانب سے یہ اعزاز پیش کیا جانا پاکستان کی مذہبی قیادت کے امن، مفاہمت اور بین المذاہب تعاون کے لیے کردار کی ایک اہم عالمی پذیرائی ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کی مذہبی قیادت مفاہمت، پرامن بقائے باہمی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر احترام حاصل کر رہی ہے۔
یہ تاریخی اعتراف دنیا کے سامنے پاکستان کا ایک طاقتور اور مثبت تشخص پیش کرتا ہے، جو تقسیم کے بجائے مکالمے، تصادم کے بجائے تعاون اور تنازع کے بجائے امن پر یقین رکھتا ہے۔
مزید پڑھیے: شہدا کی توہین کسی صورت قابلِ قبول نہیں، فوج کے جوانوں اور اہلِخانہ سے معذرت کرتا ہوں، حافظ طاہر اشرفی
مولانا طاہر اشرفی اس سے قبل او آئی سی گلوبل پیس ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ او آئی سی گلوبل پیس ایوارڈ اور ہبوبرٹ والٹر ایوارڈ دونوں کا ملنا ان کی خدمات کی مسلم دنیا اور وسیع تر عالمی برادری، دونوں سطحوں پر پذیرائی کی عکاسی کرتا ہے۔
مبصرین کے مطابق یہ ایوارڈ پاکستان کو عالمی سطح پر اپنے علماء، مذہبی قیادت، امن ساز اداروں اور سول سوسائٹی کی انتہاپسندی کے تدارک، تشدد کی روک تھام اور سماجی ہم آہنگی کے لیے کوششوں کو نمایاں کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ اعزاز اس پیغام کو تقویت دیتا ہے کہ مذہب امن، مفاہمت اور انسانی وقار کے فروغ کی طاقت بن سکتا ہے اور ذمہ دار مذہبی قیادت مختلف برادریوں اور تہذیبوں کو قریب لانے میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارت کو شکست دی آپ کا تو معاملہ ہی بہت آسان ہے، طاہر اشرفی نے افغانستان کو خبردار کردیا
مولانا طاہر اشرفی کی یہ کامیابی محض ایک شخصی اعزاز نہیں بلکہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان، پاکستانی عوام اور ملک کی مذہبی قیادت کے مثبت تشخص کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ کسی پاکستانی مسلم مذہبی عالم کو پہلی مرتبہ یہ مخصوص عالمی اعزاز ملنا قومی فخر کا باعث اور دنیا میں پاکستان کی امن پسندی اور مذہبی ہم آہنگی کا ایک تاریخی سنگ میل ہے۔














