پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ، ڈیزل 400 روپے فی لیٹر سے متجاوز

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 400 روپے سے بھی تجاوز کرگئی۔

حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 2 پیسے کا اضافہ کردیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔

ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 28 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 403 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں 14 ستمبر تک نافذ العمل رہیں گی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں 3 فیصد سے زائد کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 104 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی تقریباً 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 98 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

عالمی منڈی میں مربان خام تیل کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔ مربان خام تیل کی قیمت 2 فیصد کمی کے بعد 120 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔

خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست اثرعالمی توانائی مارکیٹ پر پڑتا ہے جبکہ پاکستان سمیت درآمدی تیل پر انحصار کرنے والے ممالک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی عالمی قیمتوں کی تبدیلیاں اثرانداز ہوتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp