کرکٹ میں انگلینڈ سے اچھی خبر بھی: عبدالقادر کی شاندار سینچری، پاکستان انڈر 19 نے میزبان ٹیم کیخلاف ون ڈے122 رنز سے جیت لیا

ہفتہ 12 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹاپ آرڈر بیٹسمین عبدالقادر کی 146 رنز کی یادگار اننگز اور بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ انڈر 19 کو دوسرے یوتھ ون ڈے میں 122 رنز سے شکست دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: ایجبسٹن ٹیسٹ: انگلینڈ کی پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست، سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش

ووڈ برج روڈ پر کھیلے گئے 4 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ انڈر 19 کے کپتان آئزک محمد کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ غلط ثابت ہوا کیوں کہ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.2 اوورز میں 308 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کر دیا۔

عبدالقادر اس وقت بیٹنگ کے لیے آئے جب پاکستان کا اسکور صرف 0.4 اوورز میں 3 رنز پر ایک وکٹ تھا۔ انہوں نے نمبر 3 پر آ کر اننگز کو سنبھالا اور 36 ویں اوور تک بیٹنگ کا محاذ سنبھالے رکھا۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 100 گیندوں پر 12 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 146 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس دوران انہوں نے اوپنر حیام خان (37 رنز) اور آل راؤنڈر احمد حسین (28 رنز) کے ساتھ اہم شراکتیں بھی بنائیں۔

عبدالقادر کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کا اسکور 244 پر 6 (وکٹ) اور پھر 244 پر ہی 7 ہو گیا جب جارج ہیرس نے اسی اوور میں محمد صیام کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔

مڈل آرڈر لڑکھڑانے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز حمزہ ظہور نے ذمے داری سنبھالی اور جارحانہ نصف سینچری کی بدولت ٹیم کا اسکور 300 سے پار پہنچایا۔ حمزہ نے 49 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔

آخری اوور میں لوک ہینڈز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے عبدالسبحان (6 رنز) کو آؤٹ کیا جنہوں نے حمزہ کے ساتھ 9ویں وکٹ کے لیے 64 رنز کی اہم شراکت بنائی تھی جبکہ رضوان اللہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

مزید پڑھیے: جو روٹ نے ٹنڈولکر کا ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

انگلینڈ انڈر 19 کی جانب سے لوک ایڈورڈز، جارج ہیرس اور لوک ہینڈز نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سبحان علی نے ایک وکٹ لی۔

309 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 37.1 اوورز میں صرف 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی باوجود اس کے کہ وکٹ کیپر روبی بومن نے تیز نصف سینچری اسکور کی۔

بومن نے انگلینڈ کی جانب سے تن تنہا مقابلہ کیا اور 43 گیندوں پر 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ صرف ہیری والیس (21) اور لیو سیلوی کلنٹن (19) ہی قابل ذکر رنز بنا سکے۔

پاکستان انڈر 19 کی جانب سے رضوان اللہ اور محمد صیام نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نقاب شفیق اور احمد حسین نے 2، 2 شکار کیے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی پوزیشن کیا ہے؟

اس شاندار فتح کے ساتھ پاکستان انڈر 19 نے 4 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ 14 ستمبر کو ورمزلی میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp