پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا بڑا اعلان، 20 ستمبر کو اسلام آباد پہنچنے کا فیصلہ

اتوار 13 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کسی صورت قبول نہیں، حکومت اسے ختم کرے، مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 20 ستمبر کو ملک کے چاروں اطراف سے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پیٹرولیم لیوی کو ’بھتا ٹیکس‘ قرار دے رہے ہیں، حکومت کو یہ لیوی ختم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کو معیشت کے حوالے سے مناسب تجاویز دی ہیں اور اگر شرح سود میں 3 فیصد کمی کردی جائے تو 1700 ارب روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے سوال کیا کہ شرح سود کم کرنے سے حکومت گریزاں کیوں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول پر عائد لیوی فوری ختم کی جائے، حافظ نعیم الرحمان کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ کسی صورت اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ملک کے 36 شہروں میں دھرنے جاری ہیں اور 20 ستمبر کو چاروں طرف سے اسلام آباد پہنچیں گے۔ اگر حکومت نے مطالبات پر ٹال مٹول سے کام لیا تو حکومت سے مذاکرات ختم کردیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تو جماعت اسلامی ضرور شریک ہوگی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی جماعت اسلامی کے رابطے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp