محکمہ ریلوے شدید مالی بحران کا شکار ہوگیا ہے۔ ملک بھر سمیت پشاور میں بھی ریلوے ملازمین کو ماہ مئی کی تنخواہ ادا نہ کی جاسکیں۔
تنخواہوں میں تاخیر کے خلاف ریلوے ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔ اس حوالے سے ریلوے پریم یونین صدر مہرعلی ہوتی کا کہنا ہے کہ ریلوے ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
عیدالاضحیٰ کی آمد ہے لیکن تاحال گزشتہ ماہ کی تنخواہ ادا نہ کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ نے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں ایڈوانس دینے کا اعلان کیا ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ ریلوے ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ تو درکنار انہیں تو ماہِ مئی کی تنخواہ بھی نہیں ملی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کی تاخیر کا نوٹس لیں اور ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر ادا کرنے کا انتظام کیا جائے۔