حکومت کے فیول ریلیف اقدامات، وفاقی وزرا کی جماعت اسلامی کے وفد کو تفصیلی بریفنگ

منگل 15 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی کے وفد نے وفاقی وزرا علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی، جس میں انہیں پیٹرولیم سیکٹر، ایندھن کی فراہمی اور حکومت کے فیول ریلیف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاکہ حکومت نے حالیہ بحران کے دوران ملک بھر میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی۔

جماعت اسلامی کے وفد نے حکومت کی جانب سے کیے گئے فیول ریلیف اقدامات کا خیرمقدم کیا، تاہم لیاقت بلوچ نے پیٹرولیم لیوی میں کمی سمیت بنیادی مسائل کے مستقل حل پر زور دیا۔

ملاقات میں وفد کو 7 روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی پیٹرولیم قیمتوں کے نظام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاکہ حکومت صارفین کے تحفظ اور ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کررہی ہے۔ موٹر سائیکلوں، چنگچی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جا رہی ہے، جو مستحق طبقات تک ریلیف پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے یورو فائیو ایندھن کی پیداوار کے ساتھ پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ جبکہ درآمدی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم ہوگا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ٹیکس بیس بڑھانے اور براہ راست ٹیکسوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزرا نے جماعت اسلامی کی سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp