محسن نقوی کا سادہ انداز، یو اے ای سے پاکستان واپسی پر عام مسافروں کے درمیان اکانومی کلاس میں سفر

منگل 15 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی متحدہ عرب امارات سے پاکستان واپسی کے دوران عام مسافروں کے ساتھ اکانومی کلاس میں سفر کرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصویر میں محسن نقوی کو دیگر مسافروں کے درمیان اکانومی کلاس میں بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے، جہاں وہ عام شہریوں کی طرح سفر کرتے نظر آئے۔

محسن نقوی حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات کے دورے پر تھے۔ ان کا دورہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سیکیورٹی، امیگریشن اور دیگر شعبوں میں تعاون کے تناظر میں بھی اہم رہا ہے۔

رواں سال فروری میں دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر انہوں نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

محسن نقوی اس وقت وفاقی وزیر داخلہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں، جس کے باعث انہیں حالیہ دنوں میں دبئی میں ایشیا کپ کی سرگرمیوں میں بھی دیکھا گیا۔

عام مسافروں کے درمیان اکانومی کلاس میں سفر کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے ایک سینیئر حکومتی عہدیدار کا سادہ طرزِ سفر قرار دیتے ہوئے سراہا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ محسن نقوی اس سے قبل بھی متحدہ عرب امارات کے ساتھ سیکیورٹی تعاون، پاکستانی شہریوں کے ویزا مسائل اور انسداد جرائم سمیت مختلف معاملات پر اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کرچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp