سلمان طور کی عالمی سطح پر بڑی پذیرائی، ٹائم کی پہلی ’ٹائم 100 آرٹ‘ فہرست میں شامل

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی نژاد مصور سلمان طور کو عالمی فنونِ لطیفہ کی دنیا پر اثرانداز ہونے والی شخصیات کی ٹائم میگزین کی پہلی ’ٹائم 100 آرٹ‘ فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔ لاہور میں پیدا ہونے والے سلمان طور ان 100 فنکاروں اور ثقافتی شخصیات میں شامل ہیں جو عالمی سطح پر فنونِ لطیفہ کے شعبے کو متاثر کررہے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق ٹائم میگزین نے جمعرات کو پہلی ’ٹائم 100 آرٹ‘ فہرست جاری کی، جس میں فنکاروں کے ساتھ عجائب گھروں کے سربراہان، کیوریٹرز، گیلرسٹس اور آرٹ کلیکٹرز سمیت فنونِ لطیفہ سے وابستہ دیگر اہم شخصیات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

42 سالہ سلمان طور 1983 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوگئے، جہاں انہوں نے فنونِ لطیفہ کی تعلیم حاصل کی اور اب وہیں مقیم ہیں۔ وہ اپنی پینٹنگز میں دوستی، محبت، تنہائی اور جذباتی وابستگی جیسے موضوعات پیش کرتے ہیں۔

سلمان طور نے ٹائم میگزین سے گفتگو میں کہا کہ وہ 2 ثقافتوں کے درمیان زندگی گزارتے ہیں اور پاکستان میں گزارا ہوا بچپن بھی ان کے فن پر اثرانداز ہوا ہے۔

انہوں نے 2020 میں نیویارک کے وٹنی میوزیم آف امریکن آرٹ میں اپنی پہلی میوزیم سولو نمائش ’ہاؤ وِل آئی نو‘ کے بعد عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کے فن پارے بعد ازاں مختلف ممالک میں نمائشوں کا حصہ بنے اور 2024 میں وینس بینالے میں بھی ان کے فن پارے پیش کیے گئے۔

ٹائم میگزین کے مطابق سلمان طور کی بعض پینٹنگز نیلامی میں 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ قیمت میں فروخت ہوچکی ہیں۔

ان کی 2022 کی نمائش ’نو آرڈنری لو‘ بالٹی مور میوزیم آف آرٹ نے منعقد کی تھی، جو بعد میں امریکا کے مختلف شہروں کے عجائب گھروں میں بھی پیش کی گئی۔

سلمان طور کی یورپ میں پہلی سولو نمائش ’سلمان طور: سم ون لائک یو‘ 2 اکتوبر کو لندن کی کورٹالڈ گیلری میں شروع ہوگی، جس میں 2019 کے بعد بنائی گئی ان کی 19 پینٹنگز پیش کی جائیں گی۔ نمائش میں انسانی تعلقات اور ثقافتی و جذباتی وابستگی کی خواہش کو مرکزی موضوع بنایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp