روبوٹ نے 30 اجنبی گھروں میں قدم رکھا تو کیا ہوا؟ حیران کن ویڈیو نے دنیا کی توجہ حاصل کرلی

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیلیفورنیا کی روبوٹکس کمپنی Figure نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے ایسا ہیومنائیڈ روبوٹ پیش کیا ہے جو پہلے سے دیکھے یا نقشہ بنائے بغیر اجنبی گھروں میں داخل ہوکر مختلف گھریلو کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کے نئے مصنوعی نیورل نیٹ ورک Helix 2.5 سے لیس روبوٹ کو سان فرانسسکو بے ایریا کے 30 ایسے گھروں میں آزمایا گیا جنہیں اس نے اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: روبوٹ کے ذریعے گردے کی کامیاب سرجری، یہ انسانوں سے بہتر ثابت ہوں گے، ماہرین

دلچسپ بات یہ ہے کہ روبوٹ کو ان گھروں کے نقشے، فرنیچر، اشیا یا مخصوص ماحول سے متعلق پہلے سے کوئی ڈیٹا فراہم نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی ہر گھر کے مطابق اس کے سسٹم کو الگ سے تربیت دی گئی۔

تجربے کے دوران روبوٹ کو تین مختلف گھریلو کام سونپے گئے، جن میں رہنے کے کمرے میں بکھری اشیا اور کھلونے جمع کرکے ٹوکری میں رکھنا، تولیے تہہ کرکے مناسب جگہ پر رکھنا اور غیر مانوس بیڈ رومز میں بستر لگانا شامل تھا۔

Figure کے مطابق Helix 2.5 مختلف گھروں کے نقشوں، غیر مانوس فرنیچر اور اشیا کے ساتھ خود کو مطابقت دینے کے علاوہ کام کے دوران ہونے والی غلطیوں کے بعد بھی براہِ راست انسانی مدد کے بغیر اپنی کوشش جاری رکھنے میں کامیاب رہا۔

کمپنی نے اس صلاحیت کو ’’زیرو شاٹ جنرلائزیشن ‘‘ قرار دیا ہے، جس سے مراد یہ ہے کہ روبوٹ نے مخصوص گھروں یا وہاں موجود اشیا سے متعلق پہلے سے کوئی تربیت حاصل نہیں کی تھی۔

مصنوعی ذہانت سے حقیقی دنیا میں کام لینے کی جانب پیش رفت

ماہرین کے مطابق روبوٹکس کے شعبے میں اصل چیلنج کسی روبوٹ کو ایک مخصوص ماحول میں ایک کام سکھانا نہیں بلکہ اسے مختلف اور غیر متوقع حالات میں خود فیصلہ کرنے اور کام مکمل کرنے کے قابل بنانا ہے۔

حقیقی گھروں میں فرنیچر کی ترتیب، کمروں کے سائز، روشنی، فرش، اشیا اور ان کی پوزیشن ہر جگہ مختلف ہوسکتی ہے، جس کے باعث وہاں کام کرنا فیکٹری یا گودام جیسے منظم ماحول کے مقابلے میں کہیں زیادہ پیچیدہ ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنا انسانی مداخلت روبوٹک سرجری سے پِتّے کا کامیاب آپریشن اہم سنگ میل قرار

Figure کا کہنا ہے کہ Helix 2.5 کو انسانی رویوں پر مشتمل کمپنی کے ملکیتی Index Dataset سے پری ٹرین کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق ایک کنٹرولڈ موازنے میں پری ٹریننگ کے باعث زیرو شاٹ پورے کام کی کامیابی کی شرح 9 فیصد سے بڑھ کر 56 فیصد ہوگئی۔ تاہم یہ اعداد و شمار خود کمپنی کی جانب سے پیش کیے گئے ہیں اور ابھی آزادانہ طور پر ہم مرتبہ ماہرین کی جانچ سے نہیں گزرے۔

کیا گھروں میں روبوٹ ملازم کا دور قریب ہے؟

اگرچہ Figure کی جانب سے پیش کی گئی ویڈیو اور تجربات مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس میں تیز رفتار پیش رفت کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق عام گھروں میں قابلِ اعتماد انداز سے کام کرنے والے روبوٹ کی راہ میں اب بھی کئی چیلنجز موجود ہیں۔

گھریلو روبوٹ کو بچوں، پالتو جانوروں، سیڑھیوں، نازک اشیا اور گرم آلات سمیت متعدد غیر متوقع حالات میں محفوظ انداز سے کام کرنا ہوگا۔ اس کے ساتھ طویل بیٹری ٹائمنگ، کم دیکھ بھال، صارفین کی پرائیویسی اور قابلِ برداشت قیمت بھی اہم عوامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی روبوٹ کو اپنی ایجاد ظاہر کرنے پر بھارتی یونیورسٹی کو اے آئی امپیکٹ سمٹ سے باہر کر دیا گیا

فی الحال Helix 2.5 کو صارفین کے لیے دستیاب گھریلو روبوٹ نہیں بلکہ روبوٹکس اور Embodied AI کے شعبے میں ایک تحقیقی پیش رفت قرار دیا جاسکتا ہے۔

تاہم ایک ایسے روبوٹ کا اجنبی گھر میں داخل ہوکر بغیر کسی پیشگی نقشے یا خصوصی تربیت کے بستر لگانا، تولیے تہہ کرنا اور بکھری اشیا ترتیب دینا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ گھریلو کام انجام دینے والے ہیومنائیڈ روبوٹس کا تصور اب محض سائنس فکشن تک محدود نہیں رہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp