واٹس ایپ میں صارفین کی نجی گفتگو، تصاویر، پروفائل معلومات اور اسٹیٹس کو محفوظ رکھنے کے لیے کئی پرائیویسی اور سیکیورٹی فیچرز موجود ہیں، تاہم ان میں سے بعض سیٹنگز فعال نہ ہونے کی صورت میں ذاتی معلومات دوسروں کی نظر میں آسکتی ہیں۔
میٹا کی ملکیت والے پیغام رسانی پلیٹ فارم میں صارفین کو یہ اختیار بھی حاصل ہے کہ وہ اپنی پروفائل تصویر اور اسٹیٹس دیکھنے والے افراد کو محدود کرسکیں، جبکہ ‘ویو ونس’ فیچر کے ذریعے مخصوص تصاویر اور ویڈیوز دیکھے جانے کے بعد غائب ہوجاتی ہیں۔
صارفین واٹس ایپ کی 5 پرائیویسی اور سیکیورٹی سیٹنگز کو فعال کرکے صارفین اپنی ذاتی گفتگو اور معلومات کو مزید محفوظ بناسکتے ہیں۔
نجی چیٹس کو لاک کریں
واٹس ایپ کا ‘چیٹ لاک’ فیچر صارفین کو اپنی ذاتی چیٹس پر پاس ورڈ لگانے کی سہولت دیتا ہے۔ لاک کی گئی چیٹس عام چیٹ لسٹ سے چھپ کر الگ ‘لاکڈ چیٹس’ فولڈر میں محفوظ ہوجاتی ہیں۔
اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں پر دستیاب اس فیچر کو فعال کرنے کے بعد چیٹ خودکار طور پر بند ہوجاتی ہے جب صارف اپنا فون لاک کرتا ہے۔ اس کے علاوہ صارف خفیہ کوڈ بھی مقرر کرسکتا ہے، جس کے ذریعے لاک کی گئی چیٹس تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق چیٹ لاک فعال ہونے پر گفتگو میں شامل دوسرے شخص کو اس حوالے سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوتی۔ صارف چاہے تو لاک کی گئی چیٹس کے لیے الگ فولڈر بناکر اسے چھپا بھی سکتا ہے۔
رپورٹ میں صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نجی گفتگو کو مزید محفوظ رکھنے کے لیے ‘غائب ہونے والے پیغامات’ کا فیچر بھی فعال کرسکتے ہیں۔
پروفائل تصویر دیکھنے والوں کو محدود کریں
واٹس ایپ پر صارف کی پروفائل تصویر بھی پرائیویسی سیٹنگز کے ذریعے محدود کی جاسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر کسی شخص نے پیغامات کی نوٹیفکیشن فعال کررکھے ہوں تو اسے موصول ہونے والی واٹس ایپ اطلاع میں صارف کی پروفائل تصویر بھی نظر آسکتی ہے، تاہم پرائیویسی سیٹنگز تبدیل کرکے یہ طے کیا جاسکتا ہے کہ پروفائل تصویر کون دیکھ سکے۔
اس طرح صارف اپنی پروفائل تصویر کو ہر شخص کے لیے ظاہر کرنے کے بجائے اسے مخصوص افراد تک محدود کرسکتا ہے۔
رپورٹ میں واٹس ایپ کے دیگر حفاظتی فیچرز میں ‘ویو ونس’ سمیت ایسی سہولیات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جو صارفین کو اپنی تصاویر، ویڈیوز، گفتگو اور پروفائل معلومات پر زیادہ اختیار فراہم کرتی ہیں۔
فیس آئی ڈی، ٹچ آئی ڈی یا فنگر پرنٹ سے اکاؤنٹ محفوظ کریں
واٹس ایپ کا ‘ایپ لاک’ فیچر اکاؤنٹ کی سیکیورٹی کے لیے اضافی تحفظ فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے صرف صارف ہی اپنی چیٹس تک رسائی حاصل کرسکتا ہے۔
یہ فیچر فعال ہونے کے بعد اینڈرائیڈ پر واٹس ایپ کھولنے کے لیے فنگر پرنٹ یا چہرے کی شناخت، جبکہ آئی فون پر ٹچ آئی ڈی یا فیس آئی ڈی استعمال کرنا ہوگی۔ ویب پر واٹس ایپ کھولنے کے لیے پاس ورڈ درکار ہوگا۔
واٹس ایپ لاک ہونے کے باوجود صارف اطلاعات پر ٹیپ کرکے پیغامات کا جواب دے سکتا ہے اور کالز وصول کرسکتا ہے۔
تصاویر، ویڈیوز اور صوتی پیغامات زیادہ نجی انداز میں بھیجیں
واٹس ایپ کا ‘ویو ونس’ فیچر صارفین کو ایسی ذاتی تصاویر، ویڈیوز اور صوتی پیغامات بھیجنے کی سہولت دیتا ہے جو وصول کنندہ کے دیکھنے یا سننے کے بعد چیٹ سے غائب ہوجاتے ہیں۔
اس فیچر کے تحت بھیجی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز وصول کنندہ کے فون کی تصاویر یا گیلری میں محفوظ نہیں ہوتیں۔ وصول کنندگان ان تصاویر اور ویڈیوز کا اسکرین شاٹ یا اسکرین ریکارڈنگ بھی نہیں کرسکتے۔
فیصلہ کریں کہ آپ کا اسٹیٹس کون دیکھ سکتا ہے
واٹس ایپ صارفین یہ بھی طے کرسکتے ہیں کہ ان کا اسٹیٹس کون دیکھے۔ اسٹیٹس کے ناظرین میں اپنی مرضی کے افراد یا گروپس شامل کیے جاسکتے ہیں جن کے ساتھ اسٹیٹس شیئر کرنا ہو۔
عام طور پر اسٹیٹس اپ ڈیٹس تمام رابطوں کے ساتھ شیئر ہوتی ہیں، تاہم صارف اپنی ترجیحات کے مطابق اس کی رسائی محدود کرسکتا ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق اسٹیٹس میں جن افراد یا گروپس کا ذکر کیا جائے، وہ اپنے ناظرین کے ساتھ اس اسٹیٹس کو شیئر کرسکتے ہیں۔ صارف ایسے افراد کو بھی اسٹیٹس میں شامل کرسکتا ہے جن کے نمبر اس کی رابطہ فہرست میں محفوظ نہ ہوں۔














