وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں حالیہ مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو جاری مون سون سیزن کے متوقع رجحان اور صوبوں و متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے جاری مجموعی انتظامات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط مزید بڑھانے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کیے گئے پیشگی انتظامات کے باعث متعلقہ ادارے اس مون سون سیزن کے دوران مؤثر اقدامات کے ساتھ صورتحال کی بہتر انداز میں نگرانی کر سکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے طول و عرض میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف کے لیے تیار ہیں۔














